مویشی منڈی میں جانوروں کی آمد تیز، خریداروں کا رش

اسٹاف رپورٹر  جمعـء 27 جولائی 2018
منڈی میں اب تک50ہزارگائے اوربیل آچکے،24گھنٹے مویشیوں کی آمدجاری، ایڈمنسٹریٹر مویشی منڈی۔ فوٹو: فائل

منڈی میں اب تک50ہزارگائے اوربیل آچکے،24گھنٹے مویشیوں کی آمدجاری، ایڈمنسٹریٹر مویشی منڈی۔ فوٹو: فائل

 کراچی: عیدالاضحی پر قربانی کے جانوروں کی فروخت کے لیے سپرہائی وے پربنائی گئی مویشی منڈی میں ہزاروں جانوروں کی آمد کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے اور خوبصورت اور فربہ جانوروں کو دیکھنے کے لیے شہری رات گئے تک مویشی منڈی آنے لگے۔

کراچی سمیت اندرون ملک سے اب تک قربانی کے لیے50 ہزار سے زائد گائے اور بیل فروخت کے لیے لائے جاچکے ہیں،24 گھنٹے جانورووں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔

ایڈمنسٹریٹر مویشی منڈی طاہر میمن نے ایکسپریس کو بتایا ہے کہ گائے منڈی مجموعی طور پر 900 ایکڑ پر قائم کی گئی ہے جس میں28 بلاکس بنائے گئے ہیں، 22 بلاکس جنرل اور 5 بلاکس وی آئی پی بنائے جارہے ہیں وی آئی پی بلاکس میں ایک پلاٹ جس کا سائز 30X120 کا ہے بک کیے جارہے ہیں وہ پلاٹ جو مرکزی سڑک مین روڈ (فرنٹ پر) ہیں ان کی قیمت ڈیڑھ لاکھ روپے جبکہ جو پلاٹ پیچھے کی جانب ہیں ان کی قیمت ایک لاکھ 20 ہزار روپے وصول کی جارہی ہے جن بیوپاریوں نے پلاٹ حاصل کرلیے ہیں انھوں نے اپنے پلاٹوں کی تزئین و آرائش کا کام شروع کردیا ہے، وی آئی پی بلاکس کی بکنگ آئندہ چند روز میں مکمل کرلی جائے گی۔

طاہر میمن نے بتایا کہ مویشی منڈی میں اب تک کراچی سمیت اندرون ملک سے50 ہزار سے زائد قربانی کے جانور جن میں گائے اور بیل شامل ہیں پہنچ گئے ہیں قربانی کے جانوروں کی آمد کا سلسلہ 24 گھنٹے جاری ہے، انہوں نے مزید بتایا کہ مویشی منڈی میں 22 جنرل بلاکس میں بیوپاریوں کو بلامعاوضہ جگہ فراہم کی جاتی ہے جبکہ مویشی منڈی میں قربانی کے جانوروں کی خریداری اور انھیں دیکھنے کے لیے آنے والوں کا تانتا بندھا ہوا ہے جس میں خواتین اور بچوں کی بھی بڑی تعداد شامل ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مویشی منڈی میں آنے والوں سے کوئی پارکنگ فیس وصول نہیں کی جارہی جبکہ پارکنگ ایریا میں گاڑیوں کی حفاظت کے لیے بھی عملے کو تعینات کیا گیا ہے انھوں نے بتایا کہ مویشی منڈی کی سیکیورٹی کے لیے کلوز سرکٹ کیمرے بھی نصب کیے گئے ہیں۔ مانیٹرنگ کے لیے قائم کنٹرول روم میں عملہ 24 گھنٹے تعینات رہتا ہے جو ان کیمروں کی مدد سے مویشی منڈی کی صورتحال سے لمحہ بہ لمحہ آگاہ رہتے ہیں جبکہ مویشی منڈی میں ہر سال کی طرح اس سال بھی خریداروں اور بیوپاریوں کی سہولت کے لیے نجی بینک کی اے ٹی ایم مشین بھی آئندہ چند روز تک نصب کردی جائے گی۔

ایڈمنسٹریٹر طاہر میمن کا کہنا ہے کہ مویشی منڈی سے قربانی کے جانوروں کو گھروں تک لے جانے والی مال بردار گاڑیوں جن میں سوزوکی پک اپ / ہائی لکس کے 250 روپے، شہزور ٹرک کے 300 روپے اور مزدا ٹرک کے350 روپے فیس مقرر کی گئی ہے جو بھی مال بردار گاڑی قربانی کے جانور لے کر مویشی منڈی سے باہر جا کر واپس جب مویشی منڈی میں داخل ہوگی تو اسے ہر بار مذکورہ فیس ادا کرنا پڑے گی مویشی منڈی پارکنگ انتظامیہ کی جانب سے کار اور موٹر سائیکل کے لیے خصوصی اسٹیکرز جاری کیے جاتے ہیں جس کی فیس5 ہزار اور 3 ہزار روپے وصول کی جاتی ہے اور یہ اسٹیکر لگی گاڑی یا موٹرسائیکل مالک مویشی منڈی میں لے جاسکتا ہے جبکہ دیگر مویشی منڈی آنے والی گاڑیوں کو مختص کیے جانے والے پارکنگ ایریا میں پارک کرنے کے بعد شہریوں کو پیدل مویشی منڈی کے اندر جانا پڑتا ہے کار اور موٹرسائیکل کے دستاویزات اور شناختی کارڈ کی کاپی جمع کرانے کے بعد خصوصی اسٹیکر حاصل کیا جاسکتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔