الیکشن میں پی ٹی آئی کی کامیابی؛ حصص مارکیٹ 42000 پوائنٹس کی حد عبور کرگئی

بزنس رپورٹر  جمعـء 27 جولائی 2018
مارکیٹ سرمایہ 99 ارب 44 کروڑ روپے بلند،کاروباری حجم بھی33 فیصد زائد،25 کروڑ 43 لاکھ 28 ہزار حصص کے سودے۔ فوٹو: آن لائن/فائل

مارکیٹ سرمایہ 99 ارب 44 کروڑ روپے بلند،کاروباری حجم بھی33 فیصد زائد،25 کروڑ 43 لاکھ 28 ہزار حصص کے سودے۔ فوٹو: آن لائن/فائل

 کراچی:  ملک میں عام انتخابات کے پر امن انعقاد اور پاکستان تحریک انصاف کی کامیابی پرجمعرت کو پاکستان اسٹاک ایکس چینج میںسرمایہ کاروں کی جانب سے خوشگوار ردعمل سامنے آیا اور انہوں نے کھل کر سرمایہ کاری کی جس کے نتیجے میں تیزی کی بڑی لہر رونما ہوئی اور بنچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس 42000 پوائنٹس کی نفسیاتی حد بحال ہوگئی جبکہ حصص کی خریداری میں دلچسپی بڑھنے کے سبب 65.51 فیصد حصص کی قیمتوں میں اضافہ ہوا جس سے مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت میں 99 ارب44 کروڑ روپے سے زائد کا اضافہ ہوا۔

عام انتخابات کے باعث بدھ کی تعطیل کے بعد جمعرات کو ٹریڈنگ کا آغاز ہوا تو ابتدا سے ہی الیکشن کے انعقاد اور جمہوری تسلسل کے حوالے سے تمام خدشات کے خاتمے پر سرمایہ کارمطمئن نظر آئے اور انہوں نے حصص کی خریداری میں گرمجوشی کا مظاہرہ کیا جس کے نتیجے میں تیزی دیکھنے میں آئی اورٹریڈنگ کے دوران 41400، 41500، 41600، 41700، 41800، 41900 اور42000 کی نفسیاتی حدیں یکے بعد دیگرے بحال ہوتی چلی گئیں بلکہ انڈیکس 42136 پوائنٹس تک پہنچ گیا۔

منافع کمانے کے لیے فروخت کی وجہ سے یہ برقرار نہ رہ سکی لیکن مجموعی طور پر تیزی غالب رہی اور کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 749.94پوائنٹس کے اضافے سے 42089.16 پوائنٹس پر بند ہوا، اسی طرح کے ایس ای 30 انڈیکس484.06 پوائنٹس بڑھ کر 20945.06 پوائنٹس، کے ایم آئی 30 انڈیکس 1627.33 پوائنٹس کے اضافے سے 70905.41 اور کے ایس ای آل شیئر انڈیکس357.87 پوائنٹس بڑھ کر 30377.07 پوائنٹس پر بند ہوا، کاروباری حجم منگل کی نسبت 33.26 فیصد زائد رہا اور مجموعی طور پر 25 کروڑ 43 لاکھ 28 ہزار 590 حصص کے سودے ہوئے۔

کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار 348 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں سے228 کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں اضافہ، 99کمپنیوں کے حصص کے دام میں کمی جبکہ 21 کمپنیوں کی قیمتوں میں استحکام رہا، بیشتر کمپنیوں کے حصص کی قیمتیں بڑھنے کے سبب مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت میں 99 ارب 44 کروڑ19لاکھ73 ہزار 195 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے سرمایہ کاری کی مجموعی مالیت بڑھ کر 85کھرب 95 ارب10 کروڑ26 لاکھ70 ہزار434 روپے ہو گئی۔

قیمتوں کے اتار چڑھاؤ کے حساب سے فلپس موریس کے حصص سرفہرست رہے جس کے حصص کی قیمت126.78روپے اضافے سے 2662.53 روپے اورسائفرٹیکسٹائل کے حصص کی قیمت48.57روپے بڑھ کر 1113.98 روپے پر بند ہوئی، نمایاں کمی کولگیٹ پامولیو کے حصص میں ریکارڈ کی گئی جس کے حصص کی قیمت 143.60 روپے کمی سے 2980 روپے اورپاک ٹوبیکوکے حصص کی قیمت50 روپے کمی سے2150 پر بند ہوئی، بدھ کو بینک آف پنجاب کی سرگرمیاں 2کروڑ 50 لاکھ8ہزار500 شیئرز کے ساتھ سرفہرست رہیں اورپی آئی اے سی کی سرگرمیاں 2 کروڑ 15 لاکھ 17 ہزار500 شیئرز کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔