چلی میں 14ہزار کریڈٹ کارڈز ہیک، سیکیورٹی کوڈز آن لائن جاری

خبر ایجنسی  جمعـء 27 جولائی 2018
ہیکرز نے معلومات تک رسائی حاصل کر کے کریڈٹ کارڈ نمبرز، ان کی تاریخ تنسیخ اور سیکیورٹی کارڈز آن لائن شائع کردیے۔ فوٹو: فائل

ہیکرز نے معلومات تک رسائی حاصل کر کے کریڈٹ کارڈ نمبرز، ان کی تاریخ تنسیخ اور سیکیورٹی کارڈز آن لائن شائع کردیے۔ فوٹو: فائل

سینٹیاگو: چلی میں ہیکرز نے 14ہزار کریڈٹ کارڈ نمبرز تک رسائی حاصل کر کے سیکیورٹی کارڈ سمیت معلومات سوشل میڈیا پر جاری کردیں جس کی وجہ سے کریڈٹ کارڈ ہولڈرز کو نقصان کا اندیشہ ہے۔

چلی کی بینک ریگولیٹری ایجنسی نے بدھ کے روز رات گئے ایک بیان میں کہاکہ 2016 میں امریکا میں این ایس اے کی ہیکنگ سے شہرت حاصل کرنے والے پراسرار گروپ ’شیڈو بروکرز‘ نے کریڈٹ کارڈز ہیک کیے، ہیکرز نے معلومات تک رسائی حاصل کر کے کریڈٹ کارڈ نمبرز، ان کی تاریخ تنسیخ اور سیکیورٹی کارڈز آن لائن شائع کردیے جس کے بعد کارڈز کو منسوخ کرنے کے لیے بینکوں کی دوڑیں لگ گئیں۔

متاثرہ بینکوں میں سینٹینڈر، ایٹاؤ، سکوٹیابینک اور بینکو ڈی چلی شامل ہیں جنھوں نے اپنے کلائنٹس کو اس چوری سے آگاہ کیا تاہم حکومت نے مذکورہ ہیکنگ کے نتیجے میں ہونے والے مالی نقصان کے حوالے سے کچھ نہیں بتایا۔

واضح رہے کہ جون میں بینکو ڈی چلی نے ہیکرز کی جانب سے 1 کروڑ ڈالر چرانے کا انکشاف کیاتھا، اس وقت ہیکنگ مشرقی یورپ یا ایشیا سے کی گئی تھی اور پیسہ ہانگ کانگ میں خرچ کیا گیاتھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔