عالمی اسٹیبلشمنٹ کی ملک کیخلاف سازشیں ناکام رہیں، حافظ سعید

نمائندہ ایکسپریس  ہفتہ 28 جولائی 2018
انتخابات پرامن بنانے پر پوری قوم مسلح افواج کو خراج تحسین پیش کرتی ہے، خطبہ جمعہ۔ فوٹو:فائل

انتخابات پرامن بنانے پر پوری قوم مسلح افواج کو خراج تحسین پیش کرتی ہے، خطبہ جمعہ۔ فوٹو:فائل

 لاہور: امیر جماعۃ الدعوۃ پاکستان پروفیسرحافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ بین الاقوامی اسٹیبلشمنٹ کی حالیہ الیکشن کے حوالے سے پاکستان کیخلاف سازشیں ناکام رہیں۔

حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ دشمن قوتیں بغاوتیں کھڑی کرکے فساد برپا کرنے کی کوششوں میں کامیاب نہیں ہو سکیں۔ ہم خوامخواہ ٹانگیں کھینچنے والے لوگ نہیں۔ عمران خان پاکستان کو مدینہ جیسی اسلامی ریاست بنانا چاہتے ہیں تو ان کی کامیابی کے لیے دعا گو ہیں۔مدینہ کا نظام نافذ کرکے ہی غربت ،بھوک وافلاس ختم اور امن و امان کا قیام ممکن ہے۔ نواز شریف نے جب کبھی غلطی کی اصلاح کے لیے خطوط لکھے اوردعوت دی۔عمران خان بھی اگر غلطی کریں گے تواس پر بھی اصلاح کا فریضہ سرانجام دیں گے۔ مظلوم کشمیریوں کی مدد و حمایت فرض ہے۔

جامع مسجد القادسیہ میں خطبہ جمعہ کے دوران انھوں نے کہاکہ افواج پاکستان اور ملک کے محافظ دفاعی اداروں نے دشمن کی سب تدبیریں ناکام بنا دیں اور ہرطرح کی قربانیاں دے کرانتخابات پرامن بنانے میں کلیدی کردار اد اکیا۔ اس پر پوری قوم انھیں خراج تحسین پیش کرتی ہے۔

حافظ محمد سعید نے کہاکہ عمران خان نے کشمیر میں جاری بھارتی ظلم و دہشت گردی کی بھی بات کی ہے۔ کشمیر پاکستان کا حصہ ہے اور قائد اعظم محمد علی جناح نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا تھا۔ اس لیے ہم سمجھتے ہیں کہ کشمیریوں کی مددو حمایت کرنا سب پر فرض ہے۔آپ مظلوم کشمیریوں کو انڈیا کی ریاستی دہشت گردی سے نجات دلائیں گے تو اللہ تعالیٰ پاکستان کے مسائل بھی حل کرے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔