ملک بھر میں کس سیاسی جماعت نے کتنے ووٹ حاصل کیے؟

ویب ڈیسک  ہفتہ 28 جولائی 2018
ملک بھر سے آزاد امیدواروں نے 60 لاکھ 11 ہزار 337 ووٹ حاصل کیے ہیں فوٹو: فائل

ملک بھر سے آزاد امیدواروں نے 60 لاکھ 11 ہزار 337 ووٹ حاصل کیے ہیں فوٹو: فائل

 اسلام آباد: عام انتخاب میں سب سے بڑی جماعت بن کر سامنے آنے والی تحریک انصاف ایک کروڑ 68 لاکھ 23 ہزار 7 سو 92 ووٹ لے کر سب سے زیادہ ووٹ حاصل کرنے والی جماعت بھی بن گئی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق عام انتخابات 2018 میں حصہ لینے والی کس جماعت نے کتنے ووٹ حاصل کیے ہیں ساری تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔ تحریک انصاف نے سب سے زیادہ ایک کروڑ 68 لاکھ 23 ہزار 7 سو 92 ووٹ حاصل کرکے معرکہ سر کرلیا ہے جب کہ مسلم لیگ (ن) 1 کروڑ 28 لاکھ 94 ہزار 2 سو 25 ووٹ حاصل کر کے دوسرے نمبر پر براجمان ہے اسی طرح پیپلز پارٹی نے تیسرے نمبر پر 68 لاکھ 94 ہزار 2 سو 96 ووٹ حاصل کیے۔

الیکشن کمیشن سے حاصل ہونے والے اعداد و شمار کے تجزیے سے معلوم ہوتا ہے کہ ملک بھر سے آزاد امیدواروں نے 60 لاکھ 11 ہزار 337 ووٹ حاصل کیے ہیں اسی طرح مذہبی جماعتوں کے اتحاد ایم ایم اے 25 لاکھ 30 ہزار 452 ووٹ حاصل کر سکی۔ تحریک لبیک پاکستان 21 لاکھ 91 ہزار 679 ووٹ سمیٹنے میں کامیاب رہی۔

علاوہ ازیں عوامی نیشنل پارٹی کو 8 لاکھ 8 ہزار جب کہ ایم کیو ایم کو 7 لاکھ 29 ہزار ووٹ پڑے اور گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس 12 لاکھ 57 ہزار 351 ووٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔

دوسری جانب الیکشن کمیشن نے امیدواروں سے 4 اگست تک انتخابی مہم کے اخراجات کی تفصیلات طلب کرلی ہے۔ انتخابی اخراجات کی تفصیلات جمع نہ کرانے والے امیدواروں کی کامیابی کا نوٹی فکیشن جاری نہیں کیا جائے گا۔ امیدواروں کی جانب سے اخراجات کے تفصیلات مہیا کرنے کے بعد الیکشن کمیشن کامیاب امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کرے گا۔

الیکشن ایکٹ 2017 کی شق 98 کے تحت کامیاب امیدوار پولنگ کے بعد دس دن کے اندر انتخابی اخراجات کی تفصیلات جمع کرانے کے پابند ہیں جس کی معیاد 4 اگست کو ختم ہونی ہے۔ قواعد و ضوابط کے تحت کامیاب امیدواروں کو انتخاب سے دس دن کے اندر اندر فارم ’سی‘ پُر کر کے ریٹرنگ آفیسر کے ذریعے الیکشن کمیشن کو بھجوانا ہوتا ہے جب کہ ناکام امیدواروں کو اخراجات کی تفصیل 30 روز میں بھجوائی جا سکتی ہیں۔

امیدواروں کو انتخابی اخراجات کی تفصیلات کے لیے اکاؤنٹ اسٹیٹمنٹس اور خرچے کی تمام رسیدوں سمیت شائع شدہ تشہیری مواد کا ایک ایک نمونہ بمعہ پبلشر کے نام کے بھی جمع کروانا ہوگا۔ مقررہ حد سے زیادہ اخراجات کرنے والوں امیدواروں کے خلاف ضابطے کی کارروائی کی جائے گی۔ قومی اسمبلی کے امیدوار کیلئے اخراجات کی حد 40 لاکھ روپے جبکہ صوبائی اسمبلی کے امیدوار کیلئے انتخابی اخراجات کی حد 20 لاکھ روپے تھی۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن کے مطابق قومی اسمبلی کے 270 حلقوں میں تحریک انصاف 115، مسلم لیگ (ن) 64 اور پیپلزپارٹی نے 43  جب کہ دیگر جماعتوں میں 13 آزاد، ایم ایم اے 12، ایم کیو ایم 6 اور پاکستان مسلم لیگ 4 سیٹیں حاصل کرنے میں کامیاب رہی ہیں۔ اسی طرح بلوچستان عوامی پارٹی نے 4 ،بی این پی مینگل 3،  جی ڈی اے 2  جب کہ عوامی مسلم لیگ، اے این پی، جمہوری وطن پارٹی اور پاکستان تحریک انسانیت نے ایک، ایک سیٹ حاصل کی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔