ملک میں ایک ہفتے کے دوران شدید بارشوں سے 61 افراد ہلاک، 112 زخمی

ویب ڈیسک  ہفتہ 28 جولائی 2018
سب سے زیادہ مالی نقصان خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان میں ہوا، این ڈی ایم اے رپورٹ فوٹو:فائل

سب سے زیادہ مالی نقصان خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان میں ہوا، این ڈی ایم اے رپورٹ فوٹو:فائل

 اسلام آباد: ملک بھر میں ایک ہفتے کے دوران شدید بارشوں سے 61 افراد ہلاک اور 112 زخمی ہوگئے۔

قدرتی آفات سے نمٹنے والے ادارے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے مون سون کی حالیہ بارشوں میں ہونے والے جانی و مالی نقصان کی تفصیلات جاری کردی ہیں۔ این ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے میں شدید بارشوں کے باعث 61 افراد جاں بحق اور 112 زخمی ہوئے۔

پنجاب میں 5 بچوں سمیت 29 افراد جاں بحق ہوئے۔ خیبر پختونخوا میں 8 بچوں اور 3 خواتین سمیت 15 افراد کی ہلاکت ہوئی۔ آزادکشمیر، قبائلی علاقہ جات میں 7، 7 اموات ہوئیں۔ بلوچستان میں 1 اور گلگت بلتستان میں 2 افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاع ملی۔

مون سون کی بارشوں کے باعث 165 گھروں کو نقصان پہنچا، جب کہ سب سے زیادہ مالی نقصان خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان میں ہوا۔ رپورٹ کے مطابق بارشوں سے خیبر پختونخوا میں 58 اور گلگت بلتستان میں 57 گھروں کو نقصان پہنچا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔