نواز شریف اڈیالہ جیل سے پمزاسپتال منتقل

ویب ڈیسک  اتوار 29 جولائی 2018

 راولپنڈی: سابق وزیر اعظم نواز شریف کی اڈیالہ جیل میں طبیعت شدید خراب ہوگئی جس پر انہیں اسپتال منتقل کردیا گیا۔

سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کو جیل سے اسپتال منتقل کرنے کے لیے ایمبولینس میں لے جایا گیا۔ انہیں انتہائی سخت سیکیورٹی میں پمز منتقل کیا گیا ان کے معالج ڈاکٹر عدنان بھی ان کے ہمراہ رہے۔

نوازشریف کو انتہائی سخت سیکیورٹی میں پمز منتقل کیا گیا 

سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کی اتوار کی صبح اڈیالہ جیل میں طبیعت بگڑ گئی تو پمز اسپتال کے ایچ او ڈی ڈاکٹر نعیم ملک نے انہیں سی سی یو منتقل کرنے کی تجویز دی تھی۔ ڈاکٹروں کی جانب سے نواز شریف کا بلڈ ٹیسٹ کیا گیا تو ان کے خون میں کلاٹس کی نشاندہی ہوئی، جس کے باعث ان کے خون کی روانی متاثر ہوگئی اور دونوں بازوں میں شدید درد اٹھا جبکہ ای سی جی بھی غیرتسلی بخش آئی۔

نوازشریف کے خون میں کلاٹس کی نشاندہی ہوئی

ڈاکٹر نعیم ملک نے میاں نواز شریف کو سی سی یو منتقل کرنے کی تجویز دی تو جیل حکام نے نگراں حکومت پنجاب سے رابطہ کیا جس نے نواز شریف کو اسپتال منتقل کرنے کی اجازت دے دی۔ اس حوالے سے اڈیالہ جیل کی سیکیورٹی مزید سخت کردی گئی اور جیل کے اردگرد پولیس کی اضافی نفری تعینات کردی گئی جب کہ میڈیا کو بھی جیل سے دوکلومیٹر دور روک دیا گیا۔

میڈیا کو بھی جیل سے دوکلومیٹر دور روک دیا گیا

ادھر پمز اسپتال میں سیکیورٹی انتظامات بڑھا دیے گئے، وی آئی پی وارڈ کے باہر پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی۔ سادہ کپڑوں میں پولیس کے جوان پمز کے مختلف حصوں میں تعینات ہیں، غیر متعلقہ افراد کو وی آئی پی وارڈ کے باہر اور اردگرد سے ہٹایا دیا گیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔