نائیجیریا میں بوکوحرام کے حملے میں 11 فوجی ہلاک، 16 جنگجو مارے گئے

ویب ڈیسک  اتوار 29 جولائی 2018
حملہ آور کئی ٹرک میں آئے اور انہیں موٹر سائیکل سوار ساتھیوں کی مدد بھی حاصل تھی (فوٹو: فائل)

حملہ آور کئی ٹرک میں آئے اور انہیں موٹر سائیکل سوار ساتھیوں کی مدد بھی حاصل تھی (فوٹو: فائل)

نائیجیریا میں بوکو حرام کے فوجی چھاؤنی پر حملے میں 11 فوجی ہلاک اور 16 جنگجو مارے گئے۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق ریاست بورنو کے علاقے مونگونو میں بوکوحرام کے حملہ آوروں نے فوجی چھاؤنی کو نشانہ بناتے ہوئے چیک پوائنٹ پر بھاری ہتھیاروں سے حملہ کیا اور سیکیورٹی حصار کو توڑتے ہوئے چھاؤنی میں گھس کر 11 اہلکاروں کو ہلاک کردیا۔

بتایا گیا ہے کہ حملہ آور کئی ٹرک میں آئے اور انہیں موٹر سائیکل سوار ساتھیوں کی مدد بھی حاصل تھی، حملے کے بعد جنگجو بڑی تعداد میں اسلحہ و بارود اور ہتھیار اپنے ساتھ لے گئے۔ سیکیورٹی ذرائع نے حملے میں 11 اہلکاروں کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔

دوسری جانب نائیجیرین فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ حملے کی جوابی کارروائی میں بوکوحرام کے 16 جنگجوؤں کو مار دیا گیا ہے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر آرمی پبلک ریلیشنز کرنل اونیما نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ  حملہ آور تین گاڑیوں میں آئے جس میں گن ٹرک بھی شامل تھا، زمینی فوج اور فضائیہ نے نشانہ بناتے ہوئے عسکریت پسندوں کے حملے کو ناکام بنادیا اور ان سے اسلحہ و گاڑیوں چھین لیں۔

کرنل اونیما نے مزید بتایا کہ حملے میں ایک فوجی اور چار سویلین زخمی ہوگئے جنہیں علاج کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ 9 برس کی لڑائی میں اب تک بوکوحرام نائیجیریا میں20 ہزار سے زائد افراد کو قتل کرچکی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔