لیکچر کے دوران اسمارٹ فون کا استعمال خراب نمبروں کی وجہ

ویب ڈیسک  پير 30 جولائی 2018
لیکچر کے دوران موبائل فون کا استعمال آپ کے لیے نقصاندہ ہوسکتا ہے۔ فوٹو: فائل

لیکچر کے دوران موبائل فون کا استعمال آپ کے لیے نقصاندہ ہوسکتا ہے۔ فوٹو: فائل

نیوجرسی: خبردار! کمرہ جماعت میں لیکچر سننے کے دوران اسمارٹ فون اور ٹیبلٹ کا استعمال آپ کی توجہ بٹاکر امتحانی نمبروں میں کمی کی وجہ بن سکتا ہے۔

اس ضمن میں ایک مختصر سا مطالعہ کیا گیا ہے جس سے ثابت ہوتا ہے کہ کمرہ جماعت میں استاد کے لیکچر سننے کے دوران اسمارٹ فون یا ٹیبلٹ وغیرہ پر کی جانے والی ڈیجیٹل آوارہ گردی سے امتحان میں نمبر کم آسکتے ہیں۔

امریکا میں واقع مشہور رٹگرز یونیورسٹی میں نفسیات کے 118 طلبا و طالبات پر ایک دلچسپ مطالعہ کیا گیا۔ اس مطالعے سے یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ کمرہ جماعت میں استعمال ہونے والا ایک اسمارٹ فون بھی دیگر طالب علموں کی توجہ بٹاسکتا ہے۔

118 میں سے نصف طالب علموں کو کلاس میں موبائل فون استعمال کرنے کی اجازت دی گئی جبکہ دیگر آدھے طالب علموں کو اسمارٹ فون اور ٹیبلٹ استعمال کرنے کی اجازت نہ تھی۔ اس دوران ایک نگراں بھی ان طالب علموں پر کڑی نظر رکھے ہوئے تھا۔

لیکچر کے مراحل ختم ہونے کے بعد سب کو دستی آلات استعمال کرنے کی اجازت دی گئی۔ پھر ان سے پڑھائے گئے اسباق کے بارے میں سوال جواب کیے گئے اور فوری ٹیسٹ بھی لیے گئے۔ اگرچہ لیکچر فوری ختم ہونے کے بعد تو فون استعمال کرنے والے طلبا و طالبات کی صلاحیت متاثر نہیں ہوئی لیکن کچھ عرصے بعد ان کی امتحانی صلاحیت ضرور متاثر ہوئی۔

جب فائنل امتحان لیا گیا تو کمرہ جماعت میں مسلسل اسمارٹ فون استعمال کرنے والوں کے اوسطاً 5 فیصد کم نمبر آئے جو اس مطالعے کی افادیت کو ثابت کرتے ہیں۔

اگرچہ دیگر ناقدین نے اسے ایک چھوٹا مطالعہ قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ اس سے وسیع پیمانے پر کوئی نتیجہ اخذ نہیں کیا جاسکتا لیکن اس کی تصدیق گزشتہ برس کیے جانے والے ایک اور سروے سے بھی ہوتی ہے۔

گزشتہ برس ایک مختصر مطالعے سے انکشاف ہوا تھا کہ اگر فون بند بھی ہو تب بھی اس کی مسلسل موجودگی توجہ بٹاتی ہے اور دماغی صلاحیت پر اثرانداز ہوتی ہے۔ ماہرین نے اسی بنا پر کہا ہےکہ فون کا استعمال ہمیں کچھ اس طرح متاثر کررہا ہے کہ خود ہم اس کا مکمل احساس کرنے سے قاصر ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔