پاکستان ہاکی فیڈریشن کھلاڑیوں کی مقروض ہو گئی

میاں اصغر سلیمی  پير 30 جولائی 2018
چیمپئنز ٹرافی کے سوا کروڑ، ایشین گیمز کے 80 لاکھ روپے پلیئرز کو نہ مل سکے، گرانٹ ملتے ہی ادائیگیاں کردیں گے، شہباز۔ فوٹو: فائل

چیمپئنز ٹرافی کے سوا کروڑ، ایشین گیمز کے 80 لاکھ روپے پلیئرز کو نہ مل سکے، گرانٹ ملتے ہی ادائیگیاں کردیں گے، شہباز۔ فوٹو: فائل

لاہور: پاکستان ہاکی فیڈریشن کھلاڑیوں کی 2 کروڑ روپے کی مقروض ہو گئی جب کہ حکومت کی طرف سے گرانٹ نہ ملنے کی وجہ سے کھلاڑیوں اور آفیشلز کو ایف آئی ایچ چیمپئنز ٹرافی کی سوا کروڑ روپے کی ادائیگیاں تاحال نہیں ہوسکی ہیں۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن کی ناقص حکمت کی وجہ سے قومی پلیئرزکوگزشتہ ماہ ہالینڈ میں شیڈول چیمپئنزٹرافی کی تاحال ادائیگیاں نہیں ہوسکی ہیں۔ ذرائع کے مطابق قومی کیمپوں کے دوران پاکستان ہاکی ٹیم کے ہر کھلاڑی کویومیہ ایک ہزار روپے ملتے ہیں جبکہ بین الاقوامی دوروں کے دوران ہرکھلاڑی اور آفیشل15،15 ہزار روپے ڈیلی الاؤنس کا مستحق قرار پاتا ہے۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن چیمپئنز ٹرافی کی مد میں قومی ٹیم کے ہر کھلاڑی اور ٹیم عہدیدار کو 5، 5 لاکھ روپے کی ادائیگیاں کرنی ہیں جبکہ ایشین گیمزکے3لاکھ فی پلیئر واجبات الگ سے ہیں۔

ذرائع کے مطابق بریٖگیڈیئر (ر) خالد سجاد کھوکھر سابق وزیر داخلہ احسن اقبال کے قریبی رشتہ دار ہیں، مسلم لیگ ن کے اہم رہنما اور بڑی حکومتی شخصیت سے قریبی تعلقات کی وجہ سے بریٖگیڈیئر(ر)خالدسجاد کھوکھرکو پاکستان ہاکی فیڈریشن کا نہ صرف صدر بنایا گیا بلکہ ان کے دور کے دوران فیڈریشن کو حکومت کی طرف سے 50 کروڑ روپے کے قریب خصوصی گرانٹ بھی جاری کی گئی۔

میاں نواز شریف کے وزارت عظمی سے نااہل ہونے کے بعد سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے قومی کھیل کے لیے18 کروڑ روپے کی خصوصی گرانٹ جاری کرنے کے احکامات دیے تھے تاہم چیمپئنز ٹرافی کے دوران گرین شرٹس کی شرمناک کارکردگی کے بعد موجودہ وفاقی عبوری حکومت نے یہ فنڈز روک لیے۔

حالیہ قومی انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کے ممکنہ برسر اقتدار آنے کے بعد بریگیڈیئر(ر) خالد سجاد کھوکھر کو پی ایچ ایف کی صدارت سے ہٹائے جانے کے قوی امکانات ہیں، ذرائع کاکہنا ہے کہ ان کے بطور صدر پی ایچ ایف رہتے ہوئے مزید فنڈز جاری ہونے کا امکان کم ہے۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ بلامقصد پاکستان ڈیولپمنٹ اسکواڈ بناکرایک ٹیم کینیڈا بجھوائی گئی، میزبان ٹیم کے خلاف پانچ میچوں کی سیریز میں گرین شرٹس کو 5-0 سے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا، قومی ٹیم کی اس ناقص کارکردگی سے نہ صرف دنیا بھر میں پاکستان کی جگ ہنسائی ہوئی بلکہ قوم کا بھی قیمتی پیسہ بھی ضائع ہوا، پاکستان ڈیولپمنٹ اسکواڈ کے دورئہ کینیڈا پر خرچ ہونے والی رقم اگر پاکستان سینئر ٹیم پر خرچ کی جاتی تو نہ صرف کھلاڑیوں کو تمام ادائیگیاں کی جا سکتی تھیں بلکہ پلیئرز بھی معاشی تفکرات سے بالا ہو کر ایشین گیمز کا حصہ بن سکتے تھے۔

اس حوالے سے جب ایکسپریس نے سیکریٹری پی ایچ ایف شہباز احمد سینئر سے رابطہ کیا تو انھوں نے کہا کہ سابق حکومت نے قومی کھیل کیلیے18 کروڑ روپے کی گرانٹ جاری کی تھی جو تاحال نہیں مل سکی، حکومت کی طرف سے فنڈز ملتے ہی کھلاڑیوں کو ان کے واجبات ادا کر دی جائیں گی۔

شہباز احمد نے کہا کہ فیڈریشن نے قومی ٹیم کو صرف ڈیلی الاؤنس کی مدمیں70 سے80 لاکھ روپے کی ادائیگیاں کرنی ہیں، ان کا کہنا تھا کہ جب وقت پر کھلاڑیوں کو ان کا معاوضہ ہی نہیں ملے گا تو یقینی طور پر ان کا مورال بھی ڈاؤن ہوگا،ہم چاہتے ہیں کہ ٹیم کو ایشین گیمز سے پہلے تمام واجبات ادا کیے جائیں تاکہ پلیئرز معاشی تفکرات سے بالاہوکرایشیائی ایونٹ میں اپنا کھیل پیش کرسکیں۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔