عہد تمیمی کی فلسطینی صدر سے ملاقات، یاسرعرفات کے مقبرے پرحاضری

ویب ڈیسک  پير 30 جولائی 2018
احد تمیمی نے یاسر عرفات کے مقبرے پر حاضری دی۔ فوٹو : سوشل میڈیا

احد تمیمی نے یاسر عرفات کے مقبرے پر حاضری دی۔ فوٹو : سوشل میڈیا

رملہ: اسرائیلی فوجی کو تھپڑ رسید کرنے کی پاداش میں سزا بھگتنے والی بہادر فلسطینی لڑکی عہد تمیمی نے آزادی کے لیے جدوجہد جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق اسرئیلی فوجی کو تھپڑ رسید کرنے والی 17 سالہ نڈر فلسطینی لڑکی عہد تمیمی نے جیل سے رہائی کے بعد اپنے اہل خانہ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ اسرائیلی قبضے کے خاتمے تک جدو جہد جاری رہے گی۔ اسرائیلی جیلوں میں قید خواتین کے عزم و حوصلے بلند ہیں جس کی ایک مثال میں خود ہوں۔

بعد ازاں عہد تمیمی نے والدین کے ہمراہ فلسطینی صدر محمود عباس سے ملاقات کی۔ فلسطینی صدر نے عہد تمیمی کو جیل سے رہائی پر مبارک باد دیتے ہوئے تمیمی خاندان کی جدوجہد کی تعریف کی اور عہد تمیمی کو نوجوانوں کے لیے تحریک آزادی فلسطین کا استعارہ قرار دیا۔ قبل ازیں عہد تمیمی نے حریت رہنما یاسر عرفات کے مقبرے پر بھی حاضری دی اور پھول چڑھائے۔

یہ خبر بھی پڑھیں : فلسطین کی بہادر بیٹی عہد تمیمی جیل سے رہا

واضح رہے کہ 17 سالہ عہد تمیمی کو اسرائیلی عدالت نے بارہ الزامات کی بنیاد پر 8 ماہ قید کی سزا سنائی تھی جس میں اسرائیلی فوجی کو تھپڑ مارنا بھی شامل ہے۔ تھپڑ مارنے کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد عہد تمیمی فلسطین کی جدوجہد آزادی کا استعارہ بن چکی ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔