’سنجو‘ نے سلمان اور عامر خان کو پیچھے چھوڑ دیا

ویب ڈیسک  بدھ 1 اگست 2018
رنبیر کپور کی فلم ’سنجو‘ اب تک بھارت میں 339 کروڑ 75 لاکھ کی کمائی کرچکی ہے۔فوٹو: فائل

رنبیر کپور کی فلم ’سنجو‘ اب تک بھارت میں 339 کروڑ 75 لاکھ کی کمائی کرچکی ہے۔فوٹو: فائل

 ممبئی: بالی ووڈ اداکار سنجے دت کی زندگی پربننے والی فلم ’’سنجو‘‘ نے کمائی میں بالی ووڈ کے سلطان سلمان خان  اور عامر خان کی فلموں کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔

راج کمار ہیرانی کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’’سنجو‘‘ میں بالی ووڈ کے چاکلیٹی ہیرو رنبیر کپور کی جان دار اداکاری کی بدولت فلم اب تک متعدد ریکارڈ اپنے نام کرچکی ہے اور اسی حاصل کردہ کامیابی کی بدولت  ’’سنجو‘‘ نے بالی ووڈ کے دبنگ اداکار سلمان خان کی فلم ’’ٹائیگر زندہ ہے‘ اور عامر خان کی بلاگ بسٹر فلم ’پی کے‘ کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔

بھارتی تجزیہ کار ترن ادارش نے اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ فلم ’’سنجو‘‘ نے کامیابی کے نئے ریکارڈ اپنے نام کرتے ہوئے پانچویں ہفتے میں 339 کروڑ 75 لاکھ کا ریکارڈ بزنس کیا ہے اور یوں یہ کمائی کے لحاظ سے بالی ووڈ کی دوسری بڑی فلم بن گئی ہے۔

اس سے قبل بالی ووڈ پرفیکشنسٹ عامر خان کی مقبول ترین فلم ’پی کے‘ 339  کروڑ 50 لاکھ کے ساتھ دوسرے اور سلمان خان کی فلم ’ ٹائیگر زندہ ہے‘ 339 کروڑ 16 لاکھ کے ساتھ تیسرے نمبر پر تھی تاہم سنجو نے دونوں سے ریکارڈ چھین لیا ہے۔

یہ خبر بھی پڑھیں: ’سنجو‘ نے ’بھائی جان‘ کو پیچھے چھوڑدیا

برق رفتاری سے تمام فلموں کو پچھاڑتے ہوئے فلم ’سنجو‘ کی نظریں اب عامر خان کی فلم ’دنگل ‘ پر ہیں جس نے 370 کروڑ سے زائد کی کمائی کرکے بالی ووڈ کی سب سے کامیاب ترین فلم کا ریکارڈ اپنے پاس رکھا ہوا ہے۔

واضح رہے کہ سنجے دت کی زندگی پر بننے والی فلم ’سنجو‘ میں رنبیر کپور کے ہمراہ منیشا کوئرالہ، سونم کپور،انوشکا شرما اور دیا مرزا نے مرکزی کردار ادا کئے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔