برطانیہ میں بچیوں کو زیادتی کا نشانہ بنانے والے 5 پاکستانیوں پر فرد جرم عائد

لڑکیوں کی عمریں 11سے 16سال کےدرمیان ہیں ان میں سے ایک اس قدرخوفزدہ تھی کہ اس نے کمرہ عدالت میں ہی آنےسے انکارکردیا تھا


May 15, 2013
مجرموں کو ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا گیا اور انہیں آئندہ ماہ سزائیں سنائی جائیں گی۔

برطانیہ میں بچیوں کو زیادتی کا نشانہ بنانے جیسے گھناؤنے جرم میں ملوث 5پاکستانیوں سمیت 7 افراد پر فرد جرم عائد کردی گئی۔


غیر ملکی میڈیا کے مطابق ساتوں ملزمان پر 8 برس تک اسکول کی بچیوں کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے، انسانی اسمگلنگ میں ملوث ہونے اور قحبہ خانہ چلانے کا جرم ثابت ہوگیا ہے ،گھناؤنے جرم میں ملوث محمد کرار اور بسام کرار نامی ملزمان کے سوا تمام مجرموں کا تعلق پاکستان سے ہے،درندگی کانشانہ بنائی گئی لڑکیوں میں سے ایک اس قدرخوفزدہ تھی کہ اس نے کمرہ عدالت میں آنے سے ہی انکارکردیا تھا، اس معصوم لڑکی کو 11برس کی عمر میں مختلف قسم کے تحائف دے کرجنسی تعلق پرآمادہ کیا گیا، ایک لڑکی کو دھمکی دی گئی کہ اگراس نے بات نہ مانی تو اس کے چھوٹے بھائی کوزندہ جلادیا جائے گا، عدالت کوبتایا گیا کہ آکسفورڈ میں یہ سنگین جرائم نینفرڈ گیسٹ ہاؤس میں کیے گئے۔


دوسری جانب پولیس اور سماجی کارکنوں نے اس بات پر معافی مانگی کہ وہ اسکول کی بچیوں کو درندہ صفت افراد سے بچانے میں ناکام رہے۔ یہ ایسے افراد تھے کہ جنہوں نے کمسنوں کو اپنی محبت کا دھوکا دیکر غلام بنا لیا تھا۔ مجرموں کو ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا گیا اور انہیں آئندہ ماہ سزائیں سنائی جائیں گی۔