براہ راست بیرونی سرمایہ کاری 85 کروڑ 35 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئی جولائی تا اپریل 297 فیصد اضافہ

10 ماہ میں مجموعی سرمایہ کاری 125 فیصد اضافے سے 1 ارب 26 کروڑ 83 لاکھ ڈالر پرجاپہنچی،21 کروڑ 94 لاکھ پورٹ فولیو


Business Reporter May 17, 2013
سب سے زیادہ براہ راست انویسٹمنٹ ہانگ کانگ نے کی، اپریل میں ایف ڈی آئی 23 کروڑ 16 لاکھ، مجموعی سرمایہ کاری 45 کروڑ 14 لاکھ ڈالر رہی، اسٹیٹ بینک فوٹو: اے ایف پی/فائل

رواں مالی سال کے پہلے 10 ماہ (جولائی2012تااپریل 2013) کے دوران ملک میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری میں گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں30 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان سے جمعہ کو جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق جولائی تا اپریل کے دوران ملک میں 85کروڑ 35لاکھ ڈالر کی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کی گئی جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں کی جانے والی 65 کروڑ 82 لاکھ ڈالر کی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری سے 29.7 فیصد زائد ہے، اس دوران ملک میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری (انفلوز) کی مالیت 1.893 ارب ڈالر رہی تاہم ملک سے 1.040 ارب ڈالر کی غیرملکی سرمایہ کاری کے انخلا (آؤٹ فلو) کے سبب خالص براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری 85 کروڑ 35 لاکھ ڈالر رہی، اپریل کے مہینے میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری 23 کروڑ 16 لاکھ ڈالر رہی جوگزشتہ سال اپریل میں5 کروڑ 96 لاکھ ڈالر تک محدود رہی تھی۔

اعدادوشمار کے مطابق رواں مالی سال اب تک پورٹ فولیو سرمایہ کاری 445 فیصد اضافے سے 21 کروڑ 94لاکھ ڈالر رہی، گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں پورٹ فولیو سرمایہ کاری میں 6 کروڑ 35 لاکھ ڈالر کی کمی واقع ہوئی تھی یعنی اس عرصے میں پورٹ فولیو سرمایہ کاری منفی رہی تھی، اپریل 2013میں پورٹ فولیو سرمایہ کاری 2کروڑ 7لاکھ ڈالر بڑھ گئی جبکہ اپریل 2012میں ایک کروڑ 96لاکھ ڈالر کی پورٹ فولیو سرمایہ کاری کی گئی تھی۔

اعدادوشمار کے مطابق جولائی سے اپریل تک مجموعی غیرملکی سرمایہ کاری 125.5فیصد اضافے سے 1.268ارب ڈالر رہی جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں 56کروڑ 24 لاکھ ڈالر کی مجموعی غیرملکی سرمایہ کاری کی گئی تھی، مجموعی غیرملکی سرمایہ کاری میں فارن پرائیویٹ انویسٹمنٹ کی مالیت 80.4 فیصد اضافے سے 1.073ارب ڈالر رہی جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں فارن پرائیویٹ انویسٹمنٹ 59 کروڑ 47 لاکھ ڈالر رہی تھی۔



گزشتہ 10 ماہ کے دوران فارن پبلک انویسٹمنٹ 705 فیصد اضافے سے 19کروڑ 53 لاکھ ڈالر رہی جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں فارن پرائیوٹ انویسٹمنٹ منفی 3کروڑ 22لاکھ ڈالر رہی تھی۔ اسٹیٹ بینک کے مطابق اپریل میںمجموعی بیرونی سرمایہ کاری45 کروڑ 14 لاکھ ڈالر رہی جو گزشتہ سال اپریل میں 9کروڑ69لاکھ ڈالر رہی تھی۔ اعدادوشمار کے مطابق سب سے زیادہ 46 کروڑ 71لاکھ ڈالر مالیت کی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری آئل اینڈ گیس ایکسپلوریشن سیکٹر میں کی گئی، دوسرے نمبر پر فنانشل بزنس میں 24کروڑ 87لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری گئی فوڈ سیکٹر میں 4 کروڑ 52 لاکھ ڈالر کی غیرملکی سرمایہ کاری کی گئی۔

بیوریجز کے شعبے میں 2کروڑ 17لاکھ ڈالر، آٹو سیکٹر میں 2کروڑ 7لاکھ ڈالر، پاور سیکٹر میں 4کروڑ 24لاکھ ڈالر، تعمیرات کے شعبے میں 3کروڑ 94 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی، ٹرانسپورٹ سیکٹر میں 5کروڑ 25لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی، دوسری جانب کیمکلز کے شعبے سے 6کروڑ 67لاکھ ڈالر کی غیرملکی سرمایہ کاری کم ہوگئی، کمیونی کیشنز اور ٹیلی کام سیکٹر میں 31کروڑ 57 لاکھ ڈالر کا غیرملکی سرمایہ نکالا گیا۔

اعدادوشمار کے مطابق براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کے لحاظ سے ہانگ کانگ سرفہرست رہا جس نے 20 کروڑ27لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری کی، امریکا 19کروڑ 37 لاکھ کے ساتھ دوسرے، برطانیہ 15کروڑ 78لاکھ کے ساتھ تیسرا بڑا سرمایہ کار ملک رہا، اٹلی سے 17 کروڑ 24 لاکھ، سوئٹزرلینڈ 12کروڑ 62لاکھ، فلپائن9 کروڑ 33لاکھ اور چین سے 8کروڑ 12لاکھ ڈالرکی سرمایہ کاری کی گئی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں