تعمیراتی شعبے میں 3 سالہ آئی سی ٹی ڈپلومہ کرانے کا فیصلہ

حسیب حنیف  جمعرات 9 اگست 2018
50کروڑلاگت سے آئی سی ٹی سینٹرقائم،کورین کوآپریشن ایجنسی کے تعاون سے کرایا جائے گا۔  فوٹو: فائل

50کروڑلاگت سے آئی سی ٹی سینٹرقائم،کورین کوآپریشن ایجنسی کے تعاون سے کرایا جائے گا۔ فوٹو: فائل

 اسلام آباد: ملک میں تعمیراتی ٹیکنالوجی پر قلیل مدتی اور طویل مدتی تربیتی کورسز اور ڈپلومہ کرانے والے ادارے کنسٹرکشن ٹیکنالوجی ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ اسلام آباد میں کورین انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی کے تعاون سے 50کروڑ روپے لاگت سے آئی سی ٹی سینٹر قائم کر دیا ہے جب کہ آئی سی ٹی سینٹر کے قیام کے بعد سی ٹی ٹی آئی اسلام آباد نے انفارمیشن و کمیونیکیشن ٹیکنالوجی کا تین سالہ ڈپلومہ متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔

کنسٹرکشن ٹیکنالوجی ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ اسلام آباد (سی ٹی ٹی آئی) ملک میں تعمیراتی ٹیکنالوجی پر مختلف طویل اور قلیل مدتی کورسز کراتا ہے۔ کنسٹرکشن ٹیکنالوجی ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ (سی ٹی ٹی آئی) 1986میں جائیکا کے تعاون سے قائم کیا گیا ہے۔ اس انسٹی ٹیوٹ نے اپنے قیام سے لے کر اب تک 30ہزار سے زائد نوجوانوں کو کنسٹرکشن ٹیکنالوجی کی تربیت فراہم کی ہے۔ سی ٹی ٹی آئی میں اس وقت عالمی معیار کے 42قلیل مد تی کورسز کرائے جا تے ہیں جبکہ 4اقسام کے تین سالہ ڈپلومے کرائے جاتے ہیں۔ تاہم سی ٹی ٹی آئی کی جانب سے اب اپنے تین سالہ ایسوسی ایٹ انجینئرنگ کے ڈپلومے میںایک مزیدڈپلومہ کورس شامل کر لیا گیا ہے۔

سی ٹی ٹی آئی کو کورین ادارے کورین انٹرنیشنل کو آپریشن ایجنسی نے انفارمیشن و کمیونیکشن ٹیکنالوجی سینٹر (آئی سی ٹی سینٹر) کی تعمیر کے لیے 50کروڑ روپے کی مالی معاونت کی تھی جس کے تحت سی ٹی ٹی آئی کی جانب سے 50کروڑ روپے لاگت سے آئی سی ٹی سینٹر قائم کر دیا گیا ہے اور عالمی معیار کی لیب بھی بنائی گئی ہے۔ جس کے بعد سی ٹی ٹی آئی نے رواں سال ہی ستمبر میں اپنے تین سالہ ڈپلومہ کورسز میں انفارمیشن و کمیونیکیشن ٹیکنالوجی کا ڈپلومہ بھی متعارف کرا نے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس سے قبل سی ٹی ٹی آئی آٹوڈیزل ٹیکنالوجی، کنسٹرکشن مشینری میں سپیشلائزیشن پر مبنی مکینکل ٹیکنالوجی، سول ڈپلومہ اور کوانٹٹی سروے پر اسپیشلائزیشن کے ساتھ سول ڈپلومہ کراتا ہے، ایک نئے ڈپلومے کے آغاز کے ساتھ اب سی ٹی ٹی آئی پانچ مختلف ڈپلومے کرانے والا انسٹی ٹیو ٹ بن جائے گا۔

دوسری جانب سی ٹی ٹی آئی چھ ماہ پر مشتمل 42قسم کے مختلف تربیتی کورسز بھی کرا تا ہے۔ ان تربیتی کورسز میںآٹو ڈیزل ڈپارٹمنٹ میں آٹومکینک، آٹو الیکٹریشن، ہیلتھ سیفٹی اینڈ انوائرمنٹ کے علاوہ ہیوی مشینری آپریٹر، کنسٹرکشن میٹریل لیبارٹری ٹیکنیشن، بیسک سول سرویئر، اسٹیل فکسر، آٹو کیڈ، کنسٹرکشن مشینری پلاننگ اینڈ ایمپلائمنٹ، بلڈنگ الیکٹریشن، کوانٹٹی سرویئر، پلمبر اینڈ سینٹری، مو بائل پروگرامنگ، ڈیٹا بیس ڈیولپمنٹ، آٹو کیڈ ٹو ڈی‘تھری ڈی، بزنس کمیونیکیشن، کاسٹ اسٹی میشن، کاسٹ کنٹرول، سپلائی چین پلاننگ اینڈ مینجمنٹ،کنسٹرکشن سیڈولنگ اینڈ پلاننگ، پروجیکٹ کمیو نیکیشن سسٹم، ڈیجیٹل کنسٹرکشن ڈائری شامل ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔