زخم خوردہ بھارتی ٹیم واپسی کے لیے کوشاں

خبر ایجنسی  جمعرات 9 اگست 2018
انگلینڈ سے دوسرا ٹیسٹ آج سے لارڈز میں شروع ہوگا، شیکھر کی جگہ پجارا کو ملنے کا امکان۔ فوٹو: رائٹرز/ فائل

انگلینڈ سے دوسرا ٹیسٹ آج سے لارڈز میں شروع ہوگا، شیکھر کی جگہ پجارا کو ملنے کا امکان۔ فوٹو: رائٹرز/ فائل

 لندن:  انگلینڈ اور بھارت کے درمیان دوسرا ٹیسٹ جمعرات سے لارڈز میں شروع ہورہا ہے تاہم زخم خوردہ بھارتی سورما کم بیک کی راہ تلاش کرنے لگے۔

پہلے ٹیسٹ میں ویرات کوہلی کی عمدہ بیٹنگ کے باوجود بھارت کو انگلینڈ کے ہاتھوں 31 رنز سے شکست ہوگئی تھی، اتنے کلوز مقابلے میں ناکامی نے بھارتی ٹیم کو کافی ٹھیس پہنچائی اور وہ کم بیک کیلیے بے قرار ہے، پہلے ٹیسٹ میں خاص طور پر ویرات کوہلی کے علاوہ کوئی بھی دوسرا بیٹسمین بڑا اسکور کرنے میں ناکام رہا تھا، اسی وجہ سے کپتان ان پر دوسرے ٹیسٹ میں زیادہ ذمہ دارانہ بیٹنگ کیلیے زور دے رہے ہیں۔

ٹاپ آرڈر پر تبدیلی کابھی امکان موجود ہے، جدوجہد میں مصروف اوپنر شیکھر دھون کی جگہ تجربہ کار چتیشور پجارا کو میدان میں اتارا جاسکتا ہے۔ اس کے ساتھ لندن میں گرمی اور سلو کنڈیشنز کے پیش نظر بھارت کی جانب سے دوسرا اسپیشلسٹ اسپنر بھی کھلایاجاسکتا ہے وہ آرتھوڈکس لیفٹ آرمر رویندرا جڈیجا یا لیفٹ آرم رسٹ اسپنر کلدیپ یادیو میں سے کوئی بھی ہوسکتا ہے تاہم اس صورت میں آل رائونڈر ہردیک پانڈیا کوباہر بیٹھنا پڑسکتا ہے۔ بھارتی بولنگ کوچ بھارت ارون کہتے ہیں کہ ہم کوئی بھی فیصلہ وکٹ کی کنڈیشن دیکھ کر ہی کریں گے۔

دوسری جانب انگلینڈ کو بین اسٹوکس کا ساتھ میسر نہیں جن کے خلاف جھگڑے کے کیس میں ٹرائل جاری ہے، ان کی جگہ لینے کیلیے آل رائونڈر کرس ووئکس تیار ہے، اسی طرح ڈیوڈ مالان کی جگہ سرے کے بیٹسمین اولی پاپ کو بھی کھلائے جانے کا امکان ہے۔ اگر دو اسپنرز کھلانے کا فیصلہ کیا گیا تو پھر لیگ بریک بولر عادل رشید کے ساتھ معین علی میدان میں اتریں گے۔

جوئے روٹ پہلے میچ میں 80 رنز پر رن آئوٹ ہوگئے تھے، وہ کہتے ہیں کہ ہم اپنی بیٹنگ خامیوں کو دور کرنے کیلیے کوشاں ہیں، بیٹنگ لائن پر اعتراض کرنا آسان ہوتا ہے مگر حقیقت یہی ہے کہ دونوں ہی ٹیموں کا بولنگ اٹیک غیرمعمولی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔