خیبرپختونخوا کو14 سال بعد انٹرنیشنل اسکواش مقابلوں کی میزبانی مل گئی

احتشام بشیر  جمعرات 9 اگست 2018
رواں ماہ کے آخر میں 14 سال بعد اسکواش کے بین الاقوامی مقابلوں کا انعقاد کیا جائے گا فوٹو:احتشام بشیر

رواں ماہ کے آخر میں 14 سال بعد اسکواش کے بین الاقوامی مقابلوں کا انعقاد کیا جائے گا فوٹو:احتشام بشیر

پشاور: پاکستان اسکواش فیڈریشن نے 14 سال بعد خیبرپختونخوا کو بین الاقوامی اسکواش مقابلوں کی میزبانی دے دی رواں ماہ کے آخر میں مقابلوں کا انعقاد کیا جائے گا۔

پاکستان اسکواش فیڈریشن نے خیبرپختونخوا کو بھی بین الاقوامی ایونٹ کے انعقاد کی میزبانی کرنے کا موقع دے دیا ہے اور رواں ماہ کے آخر میں 14 سال بعد اسکواش کے بین الاقوامی مقابلوں کا انعقاد کیا جائے گا۔

اس حوالے سے اسکواش کے سابق عالمی چیمپئین قمر زمان نے میڈیا کو بتایا کہ مصر، انگلینڈ، ہانگ کانگ، کینیڈا اور دوسری ٹیموں نے پشاور میں کھیلنے پر اپنی خواہش کا اظہار کیا ہے اور بین الاقوامی مقابلوں کے شیڈول کے لیے ورلڈ اسکواش فیڈریشن کو خط لکھ دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی مقابلے15 سے 25 ہزارڈالر انعامی رقم کےعوض کرائے جائیں گے، اسکواش کے فروغ کے لیے نامزد وزیراعظم عمران خان سے بھی ملنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور پاکستان اسکواش فیڈریشن کے صدر بہت جلد سابق عالمی چیمپئینز کے ہمراہ عمران خان سے ملیں گے۔

قمر زمان  نے کہاخیبرپختونخوا کو پشاور میں خواتین کے بین الاقوامی مقابلوں کی میزبانی بھی دی جارہی ہے، بین الاقوامی مقابلوں کے لیے اسپانسر شپ کی ضرورت ہے حکومت کو بھی تعاون کرنا ہوگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔