پی آئی اے کی جانب سے شوبزستاروں کو مفت ٹکٹ دیئے جانے کا انکشاف

ویب ڈیسک  جمعرات 9 اگست 2018
تین ماہ گزر جانے کے باوجود ٹکٹوں کی مد میں لاکھوں روپے وصول نہ ہو سکے ؛فوٹو:فائل

تین ماہ گزر جانے کے باوجود ٹکٹوں کی مد میں لاکھوں روپے وصول نہ ہو سکے ؛فوٹو:فائل

کراچی: پی آئی اے کی جانب سے اسلام آباد میں ہونے والی ایوارڈ تقریب میں شرکت کے لئے شوبز ستاروں کو 96 دوطرفہ مفت ٹکٹ جاری کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پہلے سے ہی اربوں روپے خسارے سے دوچار قومی ایئر لائن کو مزید لاکھوں روپے کے دھچکے کا انکشاف ہوا ہے۔ ایئر سفاری کے بعد مفت ٹکٹوں کا ایک اور اسکینڈل سامنے آگیا ہے جس میں قومی ایئرلائن کو لاکھوں روپے کا نقصان ہوا ہے۔

ذرائع کے مطابق پی آئی اے کی جانب سے پی ٹی وی ایوارڈز کے لیے کراچی سے اسلام آباد جانے والے شوبز ستاروں کو 96 دو طرفہ مفت ٹکٹ جاری کئے گئے اور 3 ماہ سے زائد وقت گزر جانے کے بعد بھی مذکورہ ٹکٹوں کی مد میں لاکھوں روپے وصول نہیں ہوسکے، مبینہ طور پرشوبزستاروں کو مفت ٹکٹ کی ہدایات سابق وزیر اطلاعات نے جاری کی تھیں۔

اس انکشاف کے بعد ٹکٹ جاری کرنے والے مینیجر فنانس نے ایئرلائن ہیڈ ۤآفس کے متعلقہ حکام سے مدد طلب کرلی ہے اورلاکھوں روپے کی ریکوری کے لئے وزارت اطلاعات کو خط لکھنے کی درخواست کر دی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔