ایشیا کپ میں بھارت کو یواے ای کی کمائی کھٹکنے لگی

اسپورٹس ڈیسک  جمعـء 10 اگست 2018
بھارتی حکام پاکستان سے میچ کے شیڈول میں تبدیلی کا مطالبہ بھی دہرانے لگے۔ فوٹو: فائل

بھارتی حکام پاکستان سے میچ کے شیڈول میں تبدیلی کا مطالبہ بھی دہرانے لگے۔ فوٹو: فائل

 ممبئی:  بی سی سی آئی ایشیا کپ میں پاک بھارت میچ کے شیڈول میں تبدیلی کے مطالبے سے باز نہ آیا، ایڈمنسٹریٹرز کمیٹی کو ایونٹ سے یواے ای کی کمائی بھی کھٹکنے لگی۔

ایشیا کپ کا آغاز متحدہ عرب امارات میں15ستمبر کو ہوگا،بھارتی ٹیم کو ایک میچ 18تاریخ کو کوالیفائر سے کھیلنے کے بعد اگلے روز ہی دبئی میں پاکستان کا سامناکرنا ہے،بی سی سی آئی کی طرف سے اس ضمن میں کسی باقاعدہ درخواست کی تصدیق تو نہیں ہوسکی تاہم آفیشلز کی طرف سے اعتراضات سامنے آئے تھے۔اس کے بعد ایونٹ کا شیڈول بھی جاری کردیا گیا۔

حال ہی میں ایک بی سی سی آئی عہدیدار نے ایک انٹرویو میں ایک بار پھر پرانا مطالبہ دہراتے ہوئے کہا کہ آج کی ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں کوئی ٹیم بھی مسلسل2روز میچز نہیں کھیلتی،منتظمین کو اپنے مالی مفادات سے غرض ہوگی لیکن دبئی کی سخت گرمی میں کسی کو بھی یکے بعد دیگرے کھیلنے کاکہنا ناانصافی ہے۔ ہم اس طرح کا شیڈول کس طرح قبول کرسکتے ہیں کہ بھارتی ٹیم ایک دن میچ کھیلنے کے اگلے روز ہی روایتی حریف سے دباؤ سے بھرپور مقابلے کیلیے تیار ہوجائے۔

دریں اثنا بی سی سی آئی عہدیداروں کی طرف سے ایشیا کپ کی یواے ای میں میزبانی کا فیصلہ تاحال عدالتی احکامات پر قائم ایڈمنسٹریٹرز کمیٹی کو ہضم نہیں ہو پایا،اس حوالے سے اعتراض اٹھانے والے ارکان کا کہنا ہے کہ اگر امارات کے بجائے کسی بھی اور ملک میں مقابلوں کا انعقاد کرایا جاتا تو اخراجات نصف ہوتے،پاکستانی شمولیت کی وجہ سے سیکیورٹی مسائل تھے تو کسی بھی دیگر نیوٹرل وینیو کا انتخاب کرلیا جاتا،یواے ای میں ٹکٹوں کی رقم کے 55لاکھ ڈالر تو میزبان بورڈ پہلے خود وصول کرے گا،اگر کچھ اضافی ملا تو بھارت کے ہاتھ آئے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔