پاکستان کے خلاف سیریز؛ آسٹریلیا اہم پیس ہتھیاروں سے محروم

اسپورٹس ڈیسک / خبر ایجنسی  جمعـء 10 اگست 2018
کمنز اور ہیزل ووڈ کی کمراہم ترین مقابلوں کا بوجھ اٹھانے کے قابل نہ ہوسکی۔ فوٹو : اے ایف پی

کمنز اور ہیزل ووڈ کی کمراہم ترین مقابلوں کا بوجھ اٹھانے کے قابل نہ ہوسکی۔ فوٹو : اے ایف پی

سڈنی: پاکستان کے خلاف میدان سنبھالنے سے قبل ہی آسٹریلیااہم پیس ہتھیاروں سے محروم ہوگیا۔

آسٹریلیا کی پہلے سے ہی کمزور سائیڈ کیلیے بُری خبر یہ ہے کہ وہ پاکستان سے متحدہ عرب امارات میں اکتوبر میں شیڈول سیریز میں2 اہم فاسٹ بولرز پیٹ کمنز اور جوش ہیزل ووڈ کے بغیر میدان سنبھالے گی، دونوں کمر کی تکالیف میں مبتلا اور جنوبی افریقہ میں مارچ میں کھیلی گئی سیریز کا بھی حصہ نہیں تھے، وہاں سامنے آنے والے بال ٹیمپرنگ اسکینڈل کے بعد کینگروز اپنے کپتان اسٹیون اسمتھ، ڈیوڈ وارنر اور بین کرافٹ کی خدمات سے محروم ہوچکے ہیں۔

اس عرصے میں انھیں انگلینڈ میں محدود اوورز کے مقابلوں میں وائٹ واش اور پھرزمبابوے میں کھیلی جانے والی ٹوئنٹی 20 ٹرائنگولر سیریز میں پاکستان کے ہاتھوں 2 مرتبہ شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔

ٹیم فزیو ڈیوڈ بیکلے نے کہاکہ پیٹ کمنز اور جوش ہیزل ووڈکمر کی تکالیف سے نجات حاصل نہیں کرپائے، بدقسمتی سے ان کی فٹنس کا لیول اتنا نہیں جتنااکتوبر میں یو اے ای میں شیڈول سیریز کیلیے درکار ہے۔ البتہ ہمیں امید ہے کہ یہ دونوں ڈومیسٹک ون ڈے کپ میں لوٹیں گے،پھر نومبر میں جنوبی افریقہ سے ہوم ون ڈے سیریز کیلیے دستیاب ہوں گے۔

تین میچز کی یہ سیریز 4 نومبر سے پرتھ میں شروع ہوگی جس کے بعد بھارت کے خلاف آسٹریلیا کو ہوم گرائونڈز پر 3 ٹوئنٹی 20، 4 ٹیسٹ اور 3 ون ڈے میچز کھیلنے ہیں تاہم اب پاکستان سے سیریز کیلیے آسٹریلوی پیس اٹیک کا بوجھ مچل اسٹارک کے کندھوں پر ہوگا، اگرچہ وہ بھی بعض معمولی انجریز سے دوچار ہیں، مگر ٹیم منیجمنٹ کو امید ہے کہ وہ پاکستان کیخلاف سیریز سے قبل مکمل فٹ ہوجائیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔