سوشل میڈیا صارفین کا اداکارہ سارہ خان سے مذہب تبدیل کرنے کا مطالبہ

ویب ڈیسک  جمعـء 10 اگست 2018
 سارہ خان کی تصویر صارفین کو ایک آنکھ نہیں بھائی: فوٹو:فائل

سارہ خان کی تصویر صارفین کو ایک آنکھ نہیں بھائی: فوٹو:فائل

ممبئی: بھارتی ٹی وی کی معروف اداکارہ سارہ خان کو نامناسب اورمختصر لباس پہننے پرسوشل میڈیا پر شدید تنقید کانشانہ بنایا جارہا ہے جب کہ صارفین نے اداکارہ سے مذہب تبدیل کرنے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔

بھارتی ٹی وی کی ناموراداکارہ سارہ خان نے انسٹاگرام پراپنی تصویر شیئر کی ہے جس میں وہ مختصر لباس میں نظرآرہی ہیں۔ تاہم سارہ خان کی یہ تصویر صارفین کو ایک آنکھ نہیں بھائی اور انہیں مختصر اور نامناسب لباس پہن کر تصویر شیئر کرنے پر سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

صارفین کا کہنا ہے کہ سارہ خان مسلمان ہیں اور انہیں اپنے لباس کا انتخاب کافی سوچ سمجھ کرکرنا چاہئیے۔ ایک صارف نے لکھا ’’شاید آپ بھول گئی ہیں کہ آپ ایک مسلم خاتون ہیں، آپ کو اپنا مذہب تبدیل کرلینا چاہئیے کیونکہ اسلام میں اس طرح کے لباس کی بالکل بھی اجازت نہیں ہے۔‘‘

ایک اور صارف نے لکھا ’’آپ مسلمان ہیں مغربی خاتون نہیں ہیں‘‘، جب کہ ایک اور صارف نے اداکارہ سے مذہب تبدیل کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ’’شرم کرو سارہ خان، میں آپ سے بے حد متاثرتھی لیکن اب آپ مجھے بالکل پسند نہیں، آپ اپنا مذہب تبدیل کرلیں اس کے بعد جو چاہے کریں۔‘‘

دوسری جانب سارہ خان نے ان تمام صارفین کو جواب دیتے ہوئے کہا ’’میں آپ سب کی عزت کرتی ہوں، آپ کی سوچ کی عزت کرتی ہوں، آپ جو کچھ محسوس کرتے ہیں اس سب کی عزت کرتی ہوں اورآپ سب کو بھی چاہئے کہ آپ ہماری عزت کریں۔‘‘

واضح رہے کہ اداکارہ سارہ خان بھارت کے ساتھ متعدد پاکستانی ڈراموں میں بھی کام کرچکی ہیں جن میں نجی چینل سے نشرہونے والا ڈراما سیریل’’یہ کیسی محبت ہے‘‘ بے حد مقبول ہوا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔