طالبان کا غزنی پر حملہ، 14 فوجی جاں بحق، 39 جنگجو ہلاک

ویب ڈیسک / اے ایف پی  جمعـء 10 اگست 2018
طالبان نے غزنی شہر پر دھاوا بولتے ہوئے متعدد سرکاری عمارتوں پر قبضہ کرلیا،فوٹو: رائٹرز

طالبان نے غزنی شہر پر دھاوا بولتے ہوئے متعدد سرکاری عمارتوں پر قبضہ کرلیا،فوٹو: رائٹرز

کابل:  طالبان نے جمعرات کو رات گئے افغان شہر غزنی پر کئی اطراف سے بڑا حملہ کیا جس میں 14 افغان فوجیوں سمیت 16 افراد جاں بحق ہوگئے جن میں 2 شہری شامل ہیں جب کہ 24 اہلکار زخمی بھی ہوگئے۔

افغان فورسز نے امریکی فضائیہ کی مدد سے جوابی کارروائی کی جس میں 150 طالبان جاں بحق اور زخمی ہوگئے۔ صوبائی پولیس چیف نے بتایا کہ جوابی کارروائی میں 39 حملہ آور مارے گئے۔ حملہ کرنے والے جنگجوؤں کی تعداد ایک ہزار تھی۔

جنگجوؤں نے متعدد کمرشل اور رہائشی عمارتوں میں مورچے بنا لیے تھے۔ حکام کے مطابق طالبان نے شہر کے کئی علاقوں پر کنٹرول حاصل کرلیا تھا تاہم بعد میں انھیں شہر سے باہر نکال دیا گیا۔جھڑپوں میں کئی مکانات تباہ ہوئے ہیں۔

صوبائی حکومت کے ترجمان محمد عارف نوری غزنی نے بتایا کہ طالبان نے جمعرات کی شب غزنی میں چاروں جانب سے حملے کیے۔ امریکی فوج کا کہنا ہے کہ افغان فورسز نے شہر کی تمام اہم اور سرکاری عمارتوں کا کنٹرول سنبھال لیا ہے۔

طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے دعویٰ کیا کہ حملے میں140 فوجی ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔ جھڑپوں میں 14 افغان فوجی اور 2 شہری جاں بحق ہوئے۔ امریکی فضائیہ نے بھی افغان فورسز کی مدد کی۔ طالبان نے متعدد چیک پوسٹوں کو جلادیا۔

صوبائی پولیس چیف نے بتایا کہ جوابی کارروائی میں 39 حملہ آور مارے گئے۔ شہر کے قریب ایک فوجی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا۔ علا وہ ازیں صوبہ ہرات میں خودکش حملے میں 4 افراد جاں بحق جبکہ 12زخمی ہوگئے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔