عمران کی قیادت کے لیے اولین آزمائش

ایڈیٹوریل  ہفتہ 11 اگست 2018
پی ٹی آئی کے راستے میں کوئی کہکشاں نہیں، چیلنجز اور عزم و حوصلہ کے مشکل ترین امتحانات ہیں۔ فوٹو : فائل

پی ٹی آئی کے راستے میں کوئی کہکشاں نہیں، چیلنجز اور عزم و حوصلہ کے مشکل ترین امتحانات ہیں۔ فوٹو : فائل

صدرمملکت ممنون حسین نے قومی اسمبلی کا پہلا اجلاس 13 اگست کو طلب کرلیا۔ بادی النظر میں جمہوری تسلسل اور پرامن انتقال اقتدار کی پیش رفت نہ صرف خوش آیند ہے بلکہ بعد از انتخابات جو مسائل ابھی تک الیکشن کمیشن، عدلیہ اور دیگر حوالوں سے زیر غور یا تشویش و تناؤ کا باعث بنے ہوئے ہیں، توقع یہی کی جانی چاہیے کہ اپوزیشن کے ممکنہ احتجاجی موڈ اور پارلیمنٹ کے اندر اور باہر الیکشن میں مبینہ دھاندلی سے متعلق ایشوز پر پارلیمانی روح اور آئین کی اسپرٹ کے مطابق جمہوری عمل کو اذن سفر دینے کی روایت مزید پختہ ہوگی۔

الیکشن کے نتائج پر شور کے باوجود سیاسی و پارلیمانی عمل کی تیز گامی اچھی نوید ہے۔ تیاری ہونی چاہیے کہ ایف اے ٹی ایف کے وفد کو حکومت مطمئن کرنے کی ہر ممکن کوشش کرے، وفد کو دہشتگردوں کی مالی معاونت سے متعلق اقدامات سے کماحقہ بھرپور بریفنگ ملنی چاہیے، پاکستان کو آئی ایم ایف سے ناگزیر قرضوں کے حصول اور فنانشل ٹاسک فورس کے پس پردہ سامراج کی ریشہ دوانیوں کا گہرا ادراک تو ہے مگر ضرورت وژن اور سفارت کارانہ مہارت و بریک تھرو کی ہے جس سے پاکستان اپنے اصولی موقف کو منوانے میں کامیاب ہو، وفد کو قائل کیا جائے کہ خطے میں دہشتگردی کی کمر توڑنے میں پاکستان کی قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جائے گا۔

نئی حکومت کے قیام اور اپوزیشن کی صف بندی کا اگرچہ غلغلہ ہے مگر 25 جولائی کے انتخابات کے بعد ملکی سیاست میں بلوغت نظر اور روادارانہ طرز عمل کی جو جھلک نظر آتی ہے اسے پی ٹی آئی کے ترجمان فواد چوہدری نے اپوزیشن کی میچوریٹی سے تعبیر کیا ہے اور ایم ایم اے، پشتون ملی عوامی پارٹی اور اے این پی سے الگ تناظر میں دیکھنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ بہرحال پارلیمنٹ کے اندر تنازعات اور مسائل کے حل کی خواہش اور جستجو اپوزیشن کا جمہوری حق ہے، مگر بہتر ہے کہ نئی حکومت کے راستے میں کسی قسم کی بارودی سرنگیں نہ بچھائی جائیں، معاملات بگڑنے نہ پائیں، اداروں سے متعلق گفتگو میں توازن ہو۔

مسلم لیگ ن کے صدر و سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے کہا ہے کہ این آر او کوئی دینا اور نہ ہی کوئی لینا چاہتا ہے، اس حوالے سے کوئی بات چیت نہیں چل رہی۔ اڈیالہ جیل میں نوازشریف سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہبازشریف نے کہاکہ اسمبلی میں حلف اٹھانے کے بعد پہلا مطالبہ انتخابات میں دھاندلی کی تحقیقات کا ہوگا، پارلیمانی کمیشن بنایا جائے گا، پولنگ ڈے پر آر ٹی ایس کیونکر بند ہوئے، پولنگ ایجنٹس کو پولنگ اسٹیشنز سے کیوں نکالا گیا، ان کے بغیر ووٹوں کی گنتی کیسے ممکن ہوئی؟ قوم ان سوالات کے جوابات چاہتی ہے۔ اسلام آباد میں جمعرات کو تحریک انصاف صوبہ سندھ کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں سندھ سے نومنتخب اراکین اسمبلی نے شرکت کی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا کہ سندھ کے عوام سے کیے گئے وعدے پورے کرنے ہیں، کرپٹ عناصر کو بے نقاب کیا جائے، کراچی کے عوام نے مینڈیٹ دیا ہے جس کا احترام کیا جائے گا اور واضح کیا ہے کہ ایم کیوایم ہماری اتحادی جماعت ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ سندھ میں بھی تبدیلی آرہی ہے جب کہ کراچی کی ترقی کے بغیر ملک کی ترقی ممکن نہیں۔ بلاشبہ خیبرپختونخوا میں محمود خان کی بطور وزیراعلیٰ نامزدگی جمہوری تسلسل کا مظہر ہے، بلوچستان میں بھی حکومت سازی کا عمل احسن طریقے سے آگے بڑھ رہا ہے، بلوچستان عوامی پارٹی کی اتحادی جماعتوں کی طرف سے میر جام کمال کو وزیراعلیٰ بلوچستان اور میر عبدالقدوس بزنجو کو اسپیکر بلوچستان اسمبلی نامزد کیا گیا ہے۔

سندھ اسمبلی کی تزئین وآرائش مکمل ہوچکی ہے، اب پنجاب میں حکومت سازی کا اہم مرحلہ باقی ہے۔ مراحل اور بھی اعصاب شکن اور صبر آزما ہیں، تاہم اختلاف برائے اختلاف اور مستقبل کے لیے قبول شدہ چیلنجوں کے سیاق و سباق میں معذرت خواہی سے بالاتر رہتے ہوئے نئی حکومت نئے پاکستان کی پہلی اینٹ رکھنے کے لیے پرعزم رہے۔ تحریک انصاف کے رہنما اور ممکنہ وزیرخزانہ اسد عمر کے مطابق پاکستان کو گزشتہ 3 ماہ سے ماہانہ 2 ارب ڈالر کرنٹ اکاؤنٹ خسارے کا سامنا ہے۔

ویڈیوکانفرنس میں امریکی تھنک ٹینک سے خطاب میں انھوں نے کہا کہ افغانستان کے ساتھ تمام تر تنازعات کے حل سے پاکستانی معیشت میں مثبت نتائج سامنے آئیں گے، انھوں نے بتایا کہ واشنگٹن نے پی ٹی آئی کے تحفظات دور کرنے کے لیے آمادگی کا اظہار کیا جس میں افغانستان میں مستقل بنیادوں پر امن قائم کرنا شامل ہے۔ اس میں کوئی دو رائے نہیں کہ پی ٹی آئی کے راستے میں کوئی کہکشاں نہیں، چیلنجز اور عزم و حوصلہ کے مشکل ترین امتحانات ہیں جو عمران خان کی قیادت کی اولین آزمائش اور قوم کی امنگوں کی درست ترجمانی سے جڑے ہوئے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔