جشن آزادی شو؛ گلوکارہ سائرہ پیٹر لندن میں پاکستانی سفارتخانے میں پرفارم کریں گی

قیصر افتخار  ہفتہ 11 اگست 2018

تازہ ترین خبروں اور تجزیوں کیلئے سبسکرائب کریں

 لاہور:  پاکستانی نژاد برطانوی اوپیرا گلوکارہ سائرہ پیٹر کی مقبولیت میں اضافہ، لندن میں جشنِ آزادی کے سلسلے میں پاکستانی سفارتخانے میں منعقد ہونے والے میوزک شومیں اپنے فن کا مظاہرہ کریں گی جب کہ اس موقع پران کے ہمراہ گلوکار ابرارالحق بھی جشن آزادی شو میں پاکستان سے شرکت کیلیے برطانیہ پہنچیں گے۔

برطانوی نژاد پاکستانی گلوکارہ سائرہ پیٹر کی شہرت کے چرچے اب ہرطرف ہونے لگے ہیں۔ ایک طرف صوفی کلام کواوپیرا کے ساتھ پیش کرنے کا منفرد اعزاز ان کے پاس ہے تودوسری جانب ملکہ ترنم نورجہاں جیسی عظیم گلوکارہ کوخراج عقیدت پیش کرنے کا جوسلسلہ انھوں نے شروع کررکھا ہے، اس کی بدولت انھیں اب قومی اورمذہبی تہواروں پرپرفارمنس کیلیے خاص طورپرمدعو کیا جانے لگا ہے۔

پاکستان کے جشنِ آزادی کے سلسلے میں منقعدہ پروگراموں میں سائرہ پیٹرکوپرفارمنس کیلیے باقاعدگی سے مدعو کیا جارہا ہے۔ ان دنوں برطانیہ کے مختلف شہروں میں پاکستانی کمیونٹی بھرپورجذبے ساتھ تقریبات کا انعقاد کررہی ہیں، جن میں سائرہ پیٹرکوبھی پرفارمنس کی دعوت دی جارہی ہے۔ اس موقع پروہ اپنی خوبصورت آواز اورانداز میں ملی نغمے پیش کرتے ہوئے سماں باندہ رہی ہیں۔

اسی سلسلہ میں برطانیہ میں پاکستانی سفارتخانے میں جشن آزادی کے سلسلہ میں ایک خوبصورت رنگا رنگ تقریب کا انعقاد کیا جائے گا، جس میں پرفارمنس کیلیے سائرہ پیٹراورابرارالحق کومدعو کیاگیا ہے۔

اس حوالے سے سائرہ پیٹرنے ’’ایکسپریس‘‘سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ مجھے خوشی ہوتی ہے کہ برطانیہ میں پاکستانی موسیقی کو بے حد پسند کیا جاتا ہے۔گزشتہ برس کی طرح امسال بھی لندن میں پاکستانی قونصلیٹ نے جشنِ آزادی شو میں مجھے مدعو کیا ہے۔

اس موقع پربھارت کے نامور سارنگی نواز کمال صابری بھی میرے ساتھ پرفارم کریں گے۔ میں نے اپنے سْننے والوں کے لیے کچھ نئے ملی نغمے بھی تیار کیے ہیں، جوتقریب کے شرکاء کومحظوظ کرینگے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔