جشن آزادی کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں، شہر بھر میں سبز ہلالی پرچموں کی بہار

اسٹاف رپورٹر  ہفتہ 11 اگست 2018
قومی پرچم سے مشابہت رکھنے والے خواتین کے ملبوسات ،چوڑیاں ، بندے ، ہیئر بینڈ ، ہار کی فروخت میں بھی اضافہ۔ فوٹو: ایکسپریس

قومی پرچم سے مشابہت رکھنے والے خواتین کے ملبوسات ،چوڑیاں ، بندے ، ہیئر بینڈ ، ہار کی فروخت میں بھی اضافہ۔ فوٹو: ایکسپریس

 کراچی: ملک کے71 ویں یوم آزادی کے موقع پر شہریوں کی جانب سے بھرپور تیاریوں کا سلسلہ جاری ہے جب کہ جشن آزادی کو یادگار اور منفرد بنانے کے لیے شہری بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔

جوں جوں یوم آزادی کا دن قریب آرہا ہے ویسے ویسے جشن آزادی منانے کے لیے شہر قائد کے باسیوں کا جوش و جذبہ بڑھتا جا رہا ہے،شہریوں کی جانب سے آزادی کا دن منانے کے لیے کی جانے والی تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں ہیں ، روشنیوں کے شہر کراچی کے عوام وطن عزیز سے محبت کے اظہارکیلیے گلیوں ،محلے ،چوراہوں اور سڑکوں کو سبز ہلالی پرچم سے سجا رہے ہیں وہیں پر ان مقامات پر چراغاں بھی کر رہے ہیں، یوم آزادی کو یادگار اور منفرد بنانے کے لیے شہری سجاوٹ میں نت نئی جدت لا رہے ہیں۔

شہر کی سرکاری،نیم سرکاری اور دیگر عمارتوں ، تعلیمی اداروں ، مارکیٹوں اور بازاروں کو جھنڈے ،جھنڈیوں ، ہری اور سبز روشنیوں سے سجایا جا رہا ہے ،یوم آزادی کے موقع پر جہاں نوجوانوں کی جانب سے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا جا رہا ہے وہیں پر خواتین بھی کسی سے پیچھے نہیں اور ہر سال کی طرح امسال بھی قومی پرچم سے مشابہت رکھنے والے ملبوسات اور جیولری کی مانگ میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے اور یوم آزادی کی مناسبت سے بڑی تعداد میں اس طرح کے ملبوسات اور جیولری کو فروخت کے لیے مارکیٹ میں لایا گیا ہے۔

خواتین کی جانب سے قومی پرچم سے مشابہت رکھنے والے نت نئے ڈایزائن کے ملبوسات کی خریداری کے بعد اسی طرح کی میچنگ جیولری بھی خریدی جا رہی ہے۔ جس میں سبز اور سفید رنگ کی چوڑیاں ، بندے ، ہیئر بینڈ ، ہار ، بیجز اور دیگر اشیا شامل ہیں،خواتین کی جانب سے ٹیلرز سے بھی خصوصی ڈیزائن والے ملبوسات سلوائے گئے ہیں جنھیں یوم آزادی کے موقع پر خصوصی طور پر زیب تن کیا جائے گا۔

اس سلسلے میں خواتین کا کہنا ہے کہ ہم وطن عزیز کی آزادی کے موقع پر نت نئے اور خوبصورت ڈیزائن کے قومی پرچم سے مشابہت رکھنے والے لباس اور جیولری پہن کر پیارے وطن سے محبت کا اظہار کرنے میں کسی سے بھی پیچھے نہیں ہیں،اپنی آزادی کے دن کو بھرپور انداز میں منائیں گے۔

یوم آزادی کے موقع پر جہاں مخصوص مارکیٹوں میں یوم آزادی کی مناسبت سے سامان فروخت کیا جا رہا ہے وہیں پر شہر بھر میں سبز ہلالی پرچموں ، بیجز ، ٹی شرٹس ،کیپ ، ہیئر بینڈز ،جھنڈیوں اور دیگر سامان کے سینکڑوں اسٹالز لگائے گئے ہیں جہاں پر دن پر شہریوں کی بڑی تعداد خریداری کرتی ہوئے دکھائی دیتی ہے،اس موقع پر بچوں کی جانب سے بھی قومی پرچم اور جھنڈیوں کی خریداری میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا جا رہاہے۔

یوم آزادی کے موقع پر 13اگست کی رات کو شہر کے مختلف علاقوں میں دیے بھی روشن کیے جانے کا اہتمام کیا گیا جبکہ اس موقع پر زبردست آتش بازی کا بھی مظاہرہ کرنے کے لیے شہریوں کی جانب سے تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔