کسٹم نے ڈیڑھ کروڑ روپے کی اسمگل شدہ اشیا ضبط کرلیں

اسٹاف رپورٹر  ہفتہ 11 اگست 2018
اینٹی اسمگلنگ آرگنائزیشن کی ٹیم کا چھاپہ،ٹرک سے34لاکھ روپے کی14ہزارکلوچھالیہ برآمدکرکے ضبط کرلی. فوٹو : فائل

اینٹی اسمگلنگ آرگنائزیشن کی ٹیم کا چھاپہ،ٹرک سے34لاکھ روپے کی14ہزارکلوچھالیہ برآمدکرکے ضبط کرلی. فوٹو : فائل

 کراچی: پاکستان کسٹمز پریونٹیو کلکٹریٹ کراچی کے شعبہ اینٹی اسمگلنگ آرگنائزیشن نے انسداد اسمگلنگ مہم کے تحت کی جانیوالی دو مختلف کارروائیوں میں ڈیڑھ کروڑ روپے سے زائد مالیت کی اسمگل شدہ اشیا ضبط کرتے ہوئے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا.

ذرائع کے مطابق کلکٹر پریونٹیو ڈاکٹر افتخارکی ہدایت پر ڈپٹی کلکٹرکسٹمز اے ایس او محمد فیصل خان کی سربراہی میں چھاپہ مارٹیم تشکیل دی گئی۔ جس نے مختلف علاقوں میں کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر ایک کروڑ 67لاکھ روپے مالیت کا اسمگل شدہ چائنیز کپڑا، چھالیہ، چرس اور گاڑی کو ضبط کرلیا.

ذرائع نے بتایا کہ اینٹی اسمگلنگ آرگنائزیشن کی چھاپہ مار ٹیم نے سپرہائی وے چوک پوائنٹ پرکاٹھور سے آنے والے ٹرالرکو روک کر اس کے عملے سے ٹرک پر لدے کنٹینر میں موجود غیرملکی اشیا کی متعلقہ دستاویزات طلب کیں تاہم ڈرائیور درآمدی دستاویزات مہیا نہیں کرسکا۔

چھاپہ مار ٹیم نے کنٹینرز کو قبضے میں لے کر کپڑے کی جانچ پڑتال کی تو اس بات کا انکشاف ہوا کہ کنٹینر میں 42 لاکھ 70ہزار روپے مالیت کا 6888 کلو انڈائیڈ پولیسٹرگرے کلاتھ ،74لاکھ 74 ہزار روپے مالیت کا 12055کلو پولیسٹرفیرک برآمد ہوا جسے اے ایس او ٹیم نے فوری طور پر قبضے میں لے لیا.

علاوہ ازیں اے ایس او کی ایک اورکارروائی کے دوران اینٹی اسمگلنگ آرگنائزیشن کی ٹیم نے سپرہائی وے کے علاقے میں ہینوٹرک سے 34 لاکھ 72 ہزار روپے مالیت کی 14ہزارکلو چھالیہ جبکہ مواچھ چوک کے کسٹمز چیک پوائنٹ پرمسافر بس سے ڈیڑھ لاکھ روپے مالیت کی ڈیڑھ کلو چرس ضبط کی ،اس کے علاوہ اسمگل شدہ لینڈکروزر بھی ضبط کی۔ اینٹی اسمگلنگ آرگنائزیشن نے مختلف کارروائی میں اسمگلنگ کے لیے استعمال ہونے والی گاڑیوں کی مالیت 39لاکھ روپے بتائی ہے ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔