لارڈز ٹیسٹ میں بھارتی بیٹنگ تنکوں کی طرح بکھر گئی

اسپورٹس ڈیسک  ہفتہ 11 اگست 2018
107پر ڈھیر، اینڈرسن کے 5 شکار،ایشون نے سب سے زیادہ29 رنز اسکور کیے۔ فوٹو : اے ایف پی

107پر ڈھیر، اینڈرسن کے 5 شکار،ایشون نے سب سے زیادہ29 رنز اسکور کیے۔ فوٹو : اے ایف پی

 لندن:  انگلینڈ کیخلاف بارش سے متاثرہ لارڈز ٹیسٹ میں بھارتی بیٹنگ تنکوں کی طرح بکھر گئی۔

لارڈز میں دوسرے دن شروع ہونے والے ٹیسٹ میں ٹاس ہارنے کے بعد بھارتی ٹیم کا آغاز مایوس کن رہا، مڈل آرڈر بیٹنگ بھی وکٹ پر تا دیر قیام ممکن نہیں بنا سکی، اینڈرسن نے پہلے ہی اوور کی پانچویں گیند پر مرلی وجے کی وکٹیں اڑا دیں، انھیں کھاتہ کھولنے کا موقع نہیں مل پایا، لوکیش راہول 14 بالز کا سامنا کرنے کے باوجود 8 رنز بنا سکے، شیکھردھون کی جگہ موقع پانے والے پجارا 1 کے انفرادی اسکور پر رن آؤٹ ہوگئے، انھوں نے 25 گیندوں کا سامنا کیا۔

اس موقع پر بارش کے سبب میچ روکا گیا ، دوبارہ کھیل شروع ہونے پر کپتان ویرات کوہلی اور اجنکیا راہنے نے انگلش بولرز کا سامنا اعتماد سے کرنے کی کوشش کی، مگر یہ سلسلہ زیادہ دیر چل نہیں پایا، کوہلی 24 رنز بنا کر ووئکس کی گیند پر بٹلر کو کیچ دے بیٹھے، ہردیک پانڈیا 11 اور دنیش کارتھک 1 رن کے مہمان ثابت ہوئے، اجنکیا راہنے کی ہمت بھی 18 رنز پر جواب دے گئی۔

کلدیپ یادیو صفر پر آؤٹ ہوئے، ایشون 29 رنز بنا کر میدان بدر ہوئے، ایشانت شرما آؤٹ ہونے والے آخری بھارتی پلیئر بنے، انھیں اینڈرسن نے اپنا پانچواں شکار بنایا، محمد شامی 10 پر ناٹ آؤٹ رہے۔ اینڈرسن نے 13.2 اوورز میں 20 رنز دے کر 5 وکٹیں لیں، کرس ووئکس نے 2 جبکہ براڈ اور سام کیورن نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا، انگلینڈ نے ایجبسٹن میں 31 رنز سے کامیابی سمیٹ کر پانچ میچز کی سیریز میں 1-0 کی برتری لی ہوئی ہے۔



ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔