عزت سے آیا اور عزت سے ہی جاؤں گا، ہاکی چیف

اسپورٹس رپورٹر  ہفتہ 11 اگست 2018
کھلاڑیوں کے واجبات دوستوں سے پیسے ادھار لے کر ادا کیے،صدر پی ایچ ایف۔ فوٹو: فائل

کھلاڑیوں کے واجبات دوستوں سے پیسے ادھار لے کر ادا کیے،صدر پی ایچ ایف۔ فوٹو: فائل

 کراچی:  پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر بریگیڈیئر (ر) خالد سجاد کھوکھر نے کہا ہے کہ ہاکی میں عزت سے آیا تھا اور عزت سے ہی جائوں گا۔

کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران پی ایچ ایف کے صدر خالد سجاد کھوکھر نے کہا کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر بریگیڈیئر (ر) خالد سجاد کھوکھر نے کہا ہے کہ ہاکی میں عزت سے آیا تھا اور عزت سے ہی جاؤں گا، قومی کھلاڑیوں کے لیے دوستوں سے ادھار پیسے لیے اور اپنا وعدہ پورا کیا، نئی حکومت ہماری کارکردگی کو پہلے جانچے پھر ہمیں ہٹانے کے حوالے سے کوئی فیصلہ کرے۔

اس موقع پر پی ایچ ایف کے سیکریٹری اولمپئن شہباز سینئر، ہیڈ کوچ راولینٹ اولٹمنز، منیجر حسن سردار، کپتان رضوان سینئر اور دیگر بھی موجود تھے، ان کا کہنا تھا کہ ہماری نظر میں پیسے سے زیادہ عزت کی اہمیت ہے، پیسوں کے معاملے پر میں نے کراچی آکر ایک ایک کھلاڑی سے بات کی، میں نے دوستوں سے پیسے ادھار لے کر کھلاڑیوں کے لیے رقم کا انتظام کیا، ان کے باقی ماندہ واجبات بھی جلد ادا کردیں گے جب اور جہاں بھی ہمارے پاس پیسے آئے ہم فوری طور پر ادائیگی کردیں گے، اس وقت 2 کروڑ روپے ادا کر دیے ہیں۔

انھوں نے کہاکہ نگراں حکومت نے منظور کردہ گرانٹ20کروڑ روپے جاری نہیں کی۔ نئی حکومت سے توقع ہے کہ وہ جلد یہ رقم ریلیز کر دے گی، نگراں حکومت کے پاس پیسے نہیں تھے اس لیے نہیں ملے، ہم نے کوئی چوری نہیں کی جو نئی حکومت ہمیں فوری ہٹا دے گی، البتہ اگر وہ ہماری کارکردگی سے مطمئن نہ ہوتو بے شک ہٹا دے۔

سیکریٹری اولمپئن شہبازسینئر نے کہا کہ پریس کانفرنس کا مقصد قومی ٹیم کو بلند حوصلوں کے ساتھ ایشین گیمز کے لیے رخصت کرنا تھا، میں اپنے خلاف پروپیگنڈے سے نہیں ڈرتا،میں چاہتا ہوں کہ میڈیا ایشین گیمزکے فائنل سے پہلے قومی ٹیم پر تنقید نہ کرے، یہ وقت ٹیم کو سپورٹ کرنے کا ہے۔

ہیڈ کوچ رولینٹ اولٹمیز نے کہا کہ ٹیم کی کارکردگی میں بہتری آرہی ہے لیکن یاد رکھنا چاہیے کہ ہم قلیل وقت میں خامیاں دور نہیں کرسکتے، ایشین گیمز میں پاکستان ہاکی ٹیم سیمی فائنلز تک رسائی پانے میں کامیاب ہوسکتی ہے۔

قومی ہاکی کپتان رضوان سینئر نے کہا کہ قومی کیمپ میں بھرپور تیاری کی ہے، کھلاڑیوں کی فٹنس میں بھی بہتری آئی ہے، گیمز میں اچھی کارکردگی کی توقع ہے، روایتی حریف بھارت کو شکست دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔