اسپیکر کا انتخاب، پرویز الٰہی کے پی پی قیادت، ن لیگی ارکان سے رابطے

افضال طالب  ہفتہ 11 اگست 2018
پرویزالٰہی کے اسپیکر الیکشن میں وزیراعلیٰ پنجاب اور ڈپٹی اسپیکر سے زائد ووٹ لینے کا امکان ہے۔ فوٹو: فائل

پرویزالٰہی کے اسپیکر الیکشن میں وزیراعلیٰ پنجاب اور ڈپٹی اسپیکر سے زائد ووٹ لینے کا امکان ہے۔ فوٹو: فائل

 لاہور: مسلم لیگ ق کے رہنما چوہدری پرویزالٰہی کا اسپیکر کے طور پر الیکشن میں وزیراعلیٰ پنجاب اور ڈپٹی اسپیکرسے زائد ووٹ لینے کا امکان ہے جس کیلیے ق لیگ کے رہنمائوں اور ارکان اسمبلی نے پیپلزپارٹی کی قیادت اور (ن) لیگ کے ارکان سے بھی رابطے شروع کردیے ہیں۔

پی ٹی آئی کی جانب سے چوہدری پرویزالٰہی کو اسپیکر پنجاب اسمبلی نامزدکرنے کے بعد پنجاب اسمبلی کے ایوان میں تمام اتحادی جماعتوں کے ممبران سے ووٹ لینے کے ساتھ ساتھ دیگر جماعتوں کے ممبران سے ووٹ لینے کیلیے بھی ن لیگ، پی ٹی آئی، ق لیگ سمیت دیگر جماعتیں بھی سرگرم عمل ہیں۔ اس وقت سیاسی صورتحال میں پی ٹی آئی اور پیپلزپارٹی کیساتھ دوریاں زیادہ ہیں لیکن پیپلزپارٹی کی اعلیٰ قیادت چوہدری پرویزالٰہی کے حوالے سے نرم گوشہ رکھتی ہے۔

اسی طرح ن لیگ میں بھی بیشتر ارکان اسمبلی کا چوہدری پرویزالٰہی سے سیاست سے ہٹ کر ایک احترام کا رشتہ ہے جس سے توقع کی جا رہی ہے کہ پنجاب اسمبلی میں وزیراعلیٰ پنجاب، ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کی نسبت چوہدری پرویزالٰہی بطور اسپیکر کے انتخاب میں زیادہ ووٹ لیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔