گلگت دالبندین میں فائرنگ سے 3 اہلکار شہید، بس پر خودکش حملہ

ویب ڈیسک  ہفتہ 11 اگست 2018
زخمیوں میں 2 سیکیورٹی اہلکار، 2 غیرملکی اور 2 مقامی ملازمین شامل ہیں۔ فوٹو:انٹرنیٹ

زخمیوں میں 2 سیکیورٹی اہلکار، 2 غیرملکی اور 2 مقامی ملازمین شامل ہیں۔ فوٹو:انٹرنیٹ

گلگت / اسلام آباد: گلگت بلتستان میں کارگاہ پولیس چوکی پر دہشت گردوں کی فائرنگ سے3  اہلکار شہید اور دو دہشت گرد مارے گئے جبکہ دالبندین میں چینی انجینئرز کی بس پر خود کش دھماکا ہوا جس میں 6افراد زخمی ہو گئے۔

8 سے 10 دہشت گردوں نے پولیس چوکی پر رات گئے حملہ کیاجس میں 3اہلکار شہید ہوگئے جوابی کارروائی میں 2 دہشت گرد مارے گئے ، دیگر تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے شہید اہلکاروں کی نماز جنازہ پولیس لائنز میں ادا کی گئی جس میں وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن اور دیگر پولیس حکام نے شرکت کی۔

اس موقع پر وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے کہا ہے کہ کارگاہ چوکی پر دہشت گردوں سے مقابلے میں شہید ہونے والے پولیس جوانوں پر پوری قوم کو فخر ہے، دہشت گردوں کا پولیس کے جوانوں نے بھرپور مقابلہ کرکے منہ توڑ جواب دیا، امن دشمنوں کیخلاف پوری قوم پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کیساتھ ہے۔

دوسری طرف چاغی کے علاقے دالبندین میں چینی انجینئرز کی بس کے قریب خودکش حملے میں 3 چینی انجینئرز سمیت 6 افراد زخمی ہوگئے۔ ڈپٹی کمشنر چاغی سیف اللہ کھیتران کے مطابق واقعہ میں اختر رحمان اور صابر نامی 2ایف سی اہلکار اور بس ڈرائیور محمد ابراہیم بھی زخمی ہوئے ہیں ،زخمی لیان لنگ، یومب ریوی اور ہوکزیاؤ نامی چینی انجینئرز کو ایف سی اسپتال میں ابتدائی طبی امداد کے بعد مزید علاج کیلیے بذریعہ طیارہ کراچی منتقل کیا گیا۔

سیکیورٹی حکام کے مطابق سینڈک پراجیکٹ میں کام کرنے والے چینی انجینئرز چھٹیاں گزارنے وطن واپس جانا چاہتے تھے جن کی بس کو سینڈک سے دالبندین ایئرپورٹ جاتے ہوئے نشانہ بنایا گیا لیکن خوش قسمتی سے ان کے مقررہ مقام پر پہنچنے سے پہلے دھماکا ہوگیا ، بس کو جزوی نقصان پہنچا ۔ ان کے مطابق دھماکا خیز مواد گاڑی میں رکھ کر بلاسٹ کیا گیا جو خودکش حملہ لگتا ہے کیونکہ جائے وقوعہ پر انسانی جسم کے متعدد اعضا اور پک اپ گاڑی کے پرخچے ملے ہیں۔ واقعے کے بعد پاک فوج، ایف سی بلوچستان، پولیس اور لیویز فورس کی بھاری نفری نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔

وزارت خارجہ کے ترجمان ڈاکٹرمحمد فیصل نے دالبندین میں چینی انجنئیرز اوران کے ہمراہ جانے والے ایف سی اہلکاروں پر بم حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاکہ اس طرح کی بزدلانہ کارروائیوں سے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کا عزم کمزور نہیں کیا جاسکتا،چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی، سابق صدر آصف زرداری، بلاول بھٹو اور دیگر رہنمائوں نے بھی دالبندین اور گلگت کے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ حملہ آور عناصر کے خلاف سخت کاروائی کی جائے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔