حکومت ملنے سے پہلے ہی عمران خان کے یوٹرن شروع ہوگئے، ترجمان پیپلز پارٹی

ویب ڈیسک  ہفتہ 11 اگست 2018
پرویز الہیٰ کو سب سے بڑا ڈاکو اور چور کہا اب اسے اسپیکر پنجاب بنا رہے ہیں، مولابخش چانڈیو فوٹو:فائل

پرویز الہیٰ کو سب سے بڑا ڈاکو اور چور کہا اب اسے اسپیکر پنجاب بنا رہے ہیں، مولابخش چانڈیو فوٹو:فائل

پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی ترجمان سینیٹر مولابخش چانڈیو کا کہنا ہے کہ ابھی توحکومت ملی ہی نہیں اورعمران خان کے یوٹرن شروع ہوگئے۔

میڈیا کو جاری کیے گئے بیان میں ترجمان پیپلز پارٹی  سینیٹر مولابخش چانڈیو کا کہنا ہے کہ ابھی حکومت ملی نہیں اور عمران خان کے یوٹرن شروع ہوگئے، پی ٹی آئی نے پہلے کہا قرضہ نہیں لیں گے اب کہتے ہیں آئی ایم ایف کے قرضے کے سوا کوئی چارہ نہیں، انہوں نے حکومت ملنے سے پہلے ہی نجکاری کے لیے قومی اداروں پر نظریں گاڑ دی ہیں، پیپلز پارٹی اور قوم کسی ادارے کی نجکاری نہیں ہونے دے گی۔

ترجمان پیپلز پارٹی نے کہا ہمیں پتا ہے کہ عمران خان اور ان کے متوقع وزیرخزانہ کس کے نمائندے ہیں، جو کام نواز شریف اور اسحاق ڈار نہ کر سکے وہ عمران خان اور اسد عمر کریں گے، مقبول نعرے اور سو دن کا پلان صرف ووٹ حاصل کرنے کے لیے تھا، قوم دیکھے گی پی ٹی آئی کا 100 دن کا پلان سو یوٹرن سے زیادہ کچھ نہیں نکلنا، یہ کیسے لوگ ہیں جو کہتے ہیں کہ قوم سے 100 دن کے پلان کے وعدے پر اب عمل نہیں ہو سکے گا۔

مولابخش چانڈیو نے کہا پاکستان تحریک انصاف نے ایم کیوایم کو قاتل کہا اور اب کہتے ہیں ایم کیو ایم ضرورت ہے، پرویز الہیٰ کو سب سے بڑا ڈاکو اور چور کہا اب اسے اسپیکر پنجاب بنا رہے ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ ان کو موقع ملے اور یہ کام کریں، تاکہ قوم خود ان کی ادائیں دیکھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔