کراچی چیمبر نے ایف بی آرکی تشکیل نو کا مطالبہ کردیا

نادہندگان اور ٹیکس چوروں کو نیٹ میں لانے کیلیے ادارے میں جدت ضروری ہے، ہارون اگر


Business Reporter May 19, 2013
تاجروں کوسہولتیں ملنی چاہئیں، ڈی جی ودہولڈنگ ٹیکس کی چیمبرآمد پر گفتگو۔ فوٹو: فائل

کراچی چیمبر نے ایف بی آر کی جدید تقاضوں کے مطابق تشکیل نو کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت اوراس کے ماتحت محکموں کے کردار کو پیچیدگیاں بڑھانے یا خوف وہراس بڑھانے کے بجائے عوام اور تاجر و صنعتکار برادری کے لیے سہولتیں وآسانیاں فراہم کرنے تک محدود کرنے کی ضرورت ہے۔

یہ بات کراچی چیمبر کے صدر ہارون اگرنے ڈائریکٹرجنرل ودہولڈنگ ٹیکس ایف بی آر سلیم بٹ سے کراچی چیمبر کے دورے کے موقع پر کہی۔ انہوں نے کہا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی جدید طرز پر تشکیل نو وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ ایف بی آرکی استعدادواہلیت میں اضافہ ہو جسے بروئے کار لاتے ہوئے ٹیکس نیٹ سے باہرقابل ٹیکس آمدن کے حامل نادہندگان اور ٹیکس چوروں کو ٹیکس کے دائرہ کار میں لایا جاسکے، فی الوقت ایف بی آر کی ٹیم ریونیو شارٹ فال کو پورا کرنے کے لیے اپنی تمام طاقت پہلے سے رجسٹرڈ ٹیکس دہندگان سے مزیدوصولیوں پر استعمال کررہی ہے لیکن ایف بی آر کے اس طرز عمل سے رجسٹرڈ ٹیکس دہندگان عدم تحفظ اور مایوسی کا شکار ہوگئے ہیں، ایف بی آر میں ہونے والی منظم بدعنوانیوں پر قابو پانا ضروری ہوگیا ہے اور نئی حکومت کو اس جانب خصوصی توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے۔



انھوں نے کہا کہ پاکستان بھر کے تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت کے ساتھ پالیسی سازوں کو طویل المدت اور کاروبار دوست پالیسیاں تشکیل دینی چاہیئں، تاجر برادری کومشاورت کے بغیر فیصلے اور پالیسی سازی قابل قبول نہیں ہوگی، کراچی چیمبر ایس آر اوز کلچر پر یقین نہیں رکھتا، نظام میں دورجدید کے تقاضوں کے مطابق جدت اورآسانیاں لانے کی ضرورت ہے۔ انھوں نے بتایا کہ کراچی چیمبر نے حکومت کو سال2013-14 کے وفاقی بجٹ کے لیے تجاویز ارسال کر دی ہیں، امید ہے کہ ان تجاویز کو بجٹ کا حصہ بنایا جائے گا۔

انہوں نے ٹیکس گزاروں کو ریلیف فراہم کرنے اور پالیسی و انتظامی امور میں بہتری لانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ معیشت کو دستاویزی شکل دیتے ہوئے ٹیکس نیٹ میں اضافے کے اقدامات عمل میں لائے جائیں، کراچی چیمبر نے تمام سیکٹرز کے لیے ٹیکسوں میں کمی اورٹیکس نیٹ میں اضافے پر توجہ کی تجویزدی ہے، جہاں آمدنی ہو وہاں ٹیکس ضرور لاگو ہونا چاہیے تاہم ٹیکس نیٹ میں اضافے کے عمل کو موثر بنانے کے لیے ملک گیر سطح پر تاجروں و صنعتکار برادری سے مشاورت بھی ضروری امر ہے۔ اس موقع پر سینئر نائب صدر شمیم فرپو، نائب صدر ناصر محمودودیگر نے بھی اظہار خیال کیا۔ ایف بی آر کے ڈائریکٹر جنرل ودہولڈنگ ٹیکس محمد سلیم بٹ نے ملکی معیشت کے استحکام اور صنعت و تجارت کے فروغ کے لیے کراچی چیمبر کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے بتایا کہ چیمبرکے دورے کا مقصد تاجر برادری کے مسائل سے آگہی حاصل کرنا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں