کراچی پولیس کا اسٹریٹ کرمنلز سے نمٹنے کے لئے مہم کا آغاز

ویب ڈیسک  ہفتہ 11 اگست 2018
کوشش ہے کہ جرم ہونے سے پہلے ہی جرم کرنے والوں کو تنگ کیا جائے، کراچی پولیس چیف :فوٹو:فائل

کوشش ہے کہ جرم ہونے سے پہلے ہی جرم کرنے والوں کو تنگ کیا جائے، کراچی پولیس چیف :فوٹو:فائل

کراچی: پولیس چیف امیر احمد شیخ کا کہنا ہے کہ شہر میں اسٹریٹ کرمنلز کے خلاف مہم شروع کررہے ہیں اور روزانہ کی بنیاد پر معاملات کو دیکھا جائے گا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی میں ایک بار پھر اسٹریٹ کرمنلز نے سر اٹھانا شروع کردیا ہے اور ڈاکو عام شہریوں کو لوٹ کر باآسانی فرار ہوجاتے ہیں، تاہم اب اسٹریٹ کرمنلز سے نمٹنے کے لئے کراچی پولیس نے نئی حکمتِ عملی کے تحت میدان میں اترنے کا اعلان کیا ہے۔

کراچی پولیس چیف امیر شیخ نے اعتراف کیا ہے کہ شہر میں روزانہ 40 سے 50 افراد کے لٹنے کی رپورٹ درج ہوتی ہے اور روزانہ ہی ڈیڑھ سو افراد کو گرفتار کیا جاتا ہے لیکن ہم ملزمان کو عدالت سے سزا دلانے میں ناکام ہوجاتے ہیں اوروہ 3 دن میں باہر آجاتے ہیں، ملزمان کے بچ جانے کی اہم وجہ ہماری ناقص تفتیش اورثبوت کا نظام اچھا نہ ہونا ہے۔

امیرشیخ کا کہنا تھا کہ اب ہماری کوشش ہے کہ جرم ہونے سے پہلے ہی جرم کرنے والوں کو تنگ کیا جائے، متاثرین ہمیں نہیں بلکہ ہم سائلین کو ڈھونڈنے کے لئے ایک ہیلپ ڈیسک بنارہے ہیں، شہریوں کے لئے ایک واٹس اپ  نمبر03435142770  دے رہے ہیں جس پر رابطہ کرکے دو قسم کی شکایات کی جاسکتی ہیں، اگر علاقے میں مشکوک لوگ ہیں انکی اطلاع دیں اور اگر پولیس سے تنگ ہوں تو انکی شکایت کریں، کیوں کہ ہم جانتے ہیں پولیس میں 5 فیصد ایسے افراد بھی موجود ہیں جو عوام کو تنگ کرتے ہیں، شہری ایسے افراد کی نشاندہی کریں انہیں مکمل اورجلد تعاون کی یقین دہانی کراتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔