آئی پی ایل جوئے کی وبا بھارتی اسکولوں تک پہنچ گئی

بکیزنے مخصوص موبائل’ایپلی کیشن‘کے ذریعے معصوم بچوں کوجرم کی راہ پرلگا دیا۔


Sports Desk May 19, 2013
بکیزنے مخصوص موبائل’ایپلی کیشن‘کے ذریعے معصوم بچوں کوجرم کی راہ پرلگا دیا. فوٹو: رائٹرز

بھارت میں آئی پی ایل میچز پر جوئے کی وبا اسکولوں تک پہنچ گئی، بکیز نے ایک مخصوص موبائل 'ایپلی کیشن' کے ذریعے معصوم بچوں کو جرم کی راہ پر لگا دیا۔

اس کا انکشاف ایک بھارتی اخبار نے تحقیقاتی رپورٹ میں کیا۔ دہلی کے ٹاپ اسکولوں کے بچے بکیز کی مدد سے آئی پی ایل میچز پر جوا کھیلنے میں مصروف ہیں، اس مسئلے کی وجہ سے کئی والدین اپنے بچوں کو بورڈنگ اسکولز میں بھیجنے پر مجبور ہوگئے ۔

بکیز کی تیار کردہ یہ نئی ایپلی کیشن آسانی سے موبائلز پر ڈائون لوڈ ہوجاتی اور اس کے ذریعے تمام آئی پی ایل ٹیموں کے بارے میں تازہ ترین بیٹنگ ریٹس معلوم کیے جاسکتے ہیں، معصوم ذہن فوراً ہی گمراہ ہوجاتے اور پنٹرز کے ذریعے بکیز کے چنگل میں پھنس جاتے ہیں، پنٹر کا کردار ادا کرنے والوں میں زیادہ تر 11ویں اور 12ویں جماعت کے کرکٹ کھیلنے والے طالب علم ہوتے ہیں۔ ساتویں کلاس کے ایک اسٹوڈنٹ نے بتایا کہ میرے ایک دوست کو رقم جیتنے کا لالچ دے کر سٹے بازی پر لگایا گیا۔

اسے تین ہزار روپے جیب خرچ ملتا تھا اس نے وہ رقم لگانی چاہی تو بکی نے اسے 10 ہزار روپے کا دائو کھیلنے کو کہا، جس پر اس نے اپنے والد کی جیب سے رقم چوری کی ایسا 5مرتبہ ہوا آخر جب باپ کو علم ہوا تو انھوں نے اسے اسکول سے ہی نکلوا کر بورڈنگ بھیج دیا۔ ایک اور لڑکے نے جوئے کی رقم ادا کرنے کیلیے اپنی موٹر سائیکل بیچ دی اور والد سے بہانہ بنایا کہ وہ چوری ہوگئی ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اسکولز انتظامیہ تمام معاملات سے لاعلمی ظاہر کررہی ہیں۔