بولرز کیلیے ہیلمٹ بنانے میں مینوفیکچررز کو دلچسپی

اسپورٹس ڈیسک  اتوار 12 اگست 2018
امپائر اور کلوز فیلڈرز کے بارے میں بھی خصوصی سامان تیار کرنے پر غور جاری۔ فوٹو: فائل

امپائر اور کلوز فیلڈرز کے بارے میں بھی خصوصی سامان تیار کرنے پر غور جاری۔ فوٹو: فائل

سڈنی: بولرز کیلیے خصوصی ہیلمٹ تیار کرنے  میں مینوفیکچررز نے دلچسپی ظاہر کردی۔

ایم سی سی ورلڈ کرکٹ کمیٹی کے ایک حالیہ اجلاس میں بولرز کی سلامتی کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے ان کیلیے بھی خصوصی ہیلمٹ تیار کرنے کی ضرورت پر زوردیاگیا تھا، شرکاکو بتایا گیا کہ اس سلسلے میں ایم سی سی اور انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ ہیلمٹ تیار کرنے والی ایک کمپنی سے رابطے میں ہیں، اب مزید مینوفیکچررز بھی سامنے آئے ہیں جس میں آسٹریلیا کی کوکا بورا اسپورٹس کمپنی بھی شامل ہے، اس کے ترجمان شینن گل نے کہاکہ ہم بیٹسمینوں کیلیے ہیملٹ اور دوسرا حفاظتی سامان تیار کررہے ہیں، اگر ایم سی سی بولرز کیلیے بھی ہیملٹ کا سوچ رہا ہے تو ہم مدد کیلیے تیار ہیں، ہم خصوصی طور پر بولرز کیلیے ہیملٹ تیار کرسکتے ہیں۔

یاد رہے کہ ایم سی سی ورلڈ کمیٹی کو بتایا گیا تھا کہ کیسے ناٹنگھم شائر کے فاسٹ بولر لیوک فلیچر کو گذشتہ برس ٹوئنٹی 20 بلاسٹ میں اسٹریٹ ڈرائیو پر گیند لگی تھی، اسی طرح آسٹریلوی پیسر جوئے مینی کو 2 مرتبہ بولنگ کے دوران گیند لگی، وہ اس سال انگلینڈ کی کائونٹی چیمپئن شپ میں پہلے پلیئر تھے جن کے سر پر چوٹ لگنے کی وجہ سے متبادل کھلاڑی کو کھلایا گیا تھا۔

گزشتہ برس آسٹریلیا کے بگ بیش ایونٹ میں بھی بولرز کو گیند لگنے سے چوٹیں پہنچی تھیں۔ اس لیے اب مینوفیکچررز صرف بولرز ہی نہیں بلکہ امپائر اور کلوز فیلڈرز کے بارے میں بھی خصوصی سامان تیار کرنے پر غور کررہے ہیں،اس میں فیس ماسک اور شیلڈ کی تجاویز بھی شامل ہیں۔

بولرز کو خاص طور پر ایسا ہیملٹ چاہیے ہوگا جو ان کی رفتار میں حائل نہ ہو بلکہ سرکی تیز حرکت پر جگہ سے بھی نہ ہلے۔ ایک تجویز نرم گیند تیار کرنے کی بھی ہے تاہم اس کا وزن اور رفتار کو برقرار رکھنا چیلنج ہوگا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔