ایشیا کپ؛ کپتان نے بہترین کارکردگی کی ٹھان لی

اسپورٹس رپورٹر  اتوار 12 اگست 2018
چیمپئنز ٹرافی کی طرح بھارت کے خلاف کامیابی حاصل کرنا چاہیں گے،سرفراز احمد۔ فوٹو: فائل

چیمپئنز ٹرافی کی طرح بھارت کے خلاف کامیابی حاصل کرنا چاہیں گے،سرفراز احمد۔ فوٹو: فائل

کراچی: قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ایشیا کپ میں بہترین کارکردگی کی ٹھان لی، انھوں نے کہاکہ چیمپئنز ٹرافی کی طرح اس ایونٹ میں بھی روایتی حریف بھارت کے خلاف کامیابی حاصل کرنا چاہیں گے۔

کراچی میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سرفراز نے کہا کہ  ایشیا کپ میں اچھا کھیل پیش کرنے کی کوشش کریں گے، ایونٹ میں ابھی وقت باقی لیکن میں  نے کھلاڑیوں کو تیاری مکمل رکھنے کی  تاکید کر دی ہے، ساتھ ہدایت دی ہے کہ فٹنس پر مکمل توجہ دیں، ہم ایونٹ میں مکمل تیاری کے ساتھ حصہ لیں گے،کپتان نے کہا کہ چیمپئنزٹرافی میں فتح قصہ پارینہ بن چکی،اب ایشیا کپ میں روایتی حریف بھارت کیخلاف کامیابی کی کوشش کریں گے۔

سرفراز احمد نے کہا کہ ملک میں نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کے لیے گراس روٹ پرکرکٹ کو فروغ دینے کی ضرورت ہے، اس حوالے سے  پی سی بی کا انڈر16 پروگرام قابل ذکر ہے، اسی کی بدولت بابر اعظم، سمیع اسلم، امام الحق، سعد علی اورمیرحمزہ جیسے اُبھرتے ہوئے کرکٹرزکو سامنے آنے کا موقع ملا، امید ہے یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔