مشینری کی درآمد میں کروڑوں روپے کی ٹیکس چوری کا انکشاف

ارشاد انصاری  اتوار 12 اگست 2018
انکشاف فیصل آبادکی ڈرائی پورٹس پردرآمدی اشیا کی کلیئرنس میں ڈیوٹی و ٹیکس چوری کے معاملات کے جائزے کیلیے قائم انکوائری کمیٹی نے کیا۔ فوٹو : فائل

انکشاف فیصل آبادکی ڈرائی پورٹس پردرآمدی اشیا کی کلیئرنس میں ڈیوٹی و ٹیکس چوری کے معاملات کے جائزے کیلیے قائم انکوائری کمیٹی نے کیا۔ فوٹو : فائل

اسلام آباد: ملک کی مختلف ڈرائی پورٹس سے پرانی اور استعمال شدہ مشینری کے ہزاروں کی تعداد میں کنٹینرز کی کلیئرنس میں کروڑوں روپے کی ڈیوٹی اور ٹیکس چوری کا انکشاف ہوا ہے۔

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے معاملے کی چھان بین کی ہدایات جاری کردی ہیں۔ اس ضمن میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے سینئر افسر نے گزشتہ روز ’’ایکسپریس‘‘ کو بتایا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے ڈرائی پورٹس پر پرانی اور استعمال شدہ مشینری کی درآمد کے کنٹینرز کی کلئیرنس پر وصول ہونے والی ڈیوٹی و ٹیکسوں کی چھان بین کی ہدایات فیصل آباد ڈرائی پورٹ پر استعمال شُدہ مشینری کی درآمد پر کروڑوں روپے کی ٹیکس چوری کا معاملہ سامنے آنے پر جاری کی گئی ہیں۔

مذکورہ افسر نے بتایا کہ ملک بھر میں قائم تمام ڈرائی پورٹس کے ریکارڈ کی چھان بین کی جائے گی اور اس معاملے کی بھی تحقیقات ہوں گی کہ مس ڈیکلریشن کی مد میں ڈیوٹی و ٹیکسوں کے حوالے سے کتنا نقصان پہنچایا گیا ہے اور ذمے داروں کے خلاف کارروائی کرنے کے ساتھ ساتھ چوری شُدہ ڈیوٹی و ٹیکسوں کے واجبات بھی جرمانوں کے ساتھ ریکور کیے جائیں گے۔

افسر نے بتایا کہ اس معاملے کا نوٹس وفاقی ٹیکس محتسب نے بھی لے رکھا ہے اور وفاقی ٹیکس محتسب نے بھی اس بارے میں ایف بی آر سے رپورٹ طلب کررکھی ہے۔ مذکورہ افسر نے بتایا کہ ایف بی آر نے اس کیس کے حوالے سے اپ ڈیٹڈ ریکارڈ طلب کیا ہے جس کی بنیاد پر رپورٹ تیار کرکے وفاقی ٹیکس محتسب کو بھی پیش کی جائے گی لیکن ایف بی آر نے اپنے طور پر نہ صرف اس کیس میں بلکہ اس کی بنیاد پر ملک کے دیگر ڈرائی پورٹس پر بھی پُرانی و استعمال شُدہ مشینری کے درآمدی کنٹیبرز کی کلیئرنس اور اس سے حاصل ہونے والے ڈیوٹی و ٹیکسوں کے معاملے کی چھان بین کی ہدایات جاری کردی ہیں۔

اس حوالے سے ’’ایکسپریس‘‘ کو دستیاب دستاویز کے مطابق ایف بی آر کو موصول ہونے والی رپورٹ کے مطابق فیصل آباد ڈرائی پورٹ پر سال 2011 سے 2013 کے دوران پرانی و استعمال شدہ مشینری کے ایک ہزار 188 کنٹینرز کی کلیئرنس میں 93کروڑ 30 لاکھ روپے سے زائد کی ڈیوٹی و ٹیکس چوری کا انکشاف ہوا ہے اور یہ انکشاف فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی جانب سے فیصل آباد ڈرائی پورٹس پر درآمدی اشیا کی کلیئرنس میں ڈیوٹی و ٹیکس چوری کے معاملات کا جائزہ لینے کیلیے قائم کردہ انکوائری کمیٹی کی جانب سے کیا گیا۔

کمیٹی کی جانب سے انکشاف کیا گیا کہ فیصل آباد ڈرائی پورٹ پر مذکورہ عرصے کے دوران پُرانی و استعمال شُدہ مشینری کے ایک ہزار ایک سو 88 کنٹینرز کی کلیئرنس پر فی کنٹینر 7 لاکھ 85 ہزار295روپے ڈیوٹی و ٹیکس چوری کی گئی ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ان کنٹینرز پر ڈیوٹی و ٹیکسوں کی جو مالیت بنتی تھی وہ وصول نہیں کی گئی بلکہ ملی بھگت سے بہت کم ڈیوٹی و ٹیکس وصول کیا گیا ہے جس سے قومی خزانے و ڈیوٹی و ٹیکسوں کی مد میں کروڑوں روپے کا نقصان پہنچایا گیا ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔