تاجر و صنعتکار برادری نے بجلی کی قیمتوں میں اضافہ مسترد کردیا

پیداواری لاگت،امن وامان کی ابتر صورتحال ، توانائی بحران سے معیشت تباہ ہورہی ہے


Business Reporter May 19, 2013
پیداواری لاگت،امن وامان کی ابتر صورتحال ، توانائی بحران سے معیشت تباہ ہورہی ہے فوٹو : فائل

NEW DEHLI: تاجروصنعتکاربرادری نے بجلی کی قیمتوں میں اضافے کومستردکرتے ہوئے کہا ہے کہ نگراں حکومت کی جانب سے بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے احکام کسی بھی طرح قابل قبول نہیں ہیں۔

بڑھتی ہوئی پیداواری لاگت،امن وامان کی بدترین صورتحال ،بجلی اورگیس بحران کے باعث ملکی معیشت تباہی کی جانب گامزن ہے۔ صنعتیں بیرون ممالک منتقل ہورہی ہیں لہذا بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے احکام کو فوری طورپرواپس لیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار وفاق ایوانہائے صنعت وتجارت پاکستان کے صدر زبیر احمد ملک ،سابق صدر ایس ایم منیر،کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈاینڈانڈسٹری کے چیئرمین زبیر چھایا ،پاکستان ٹینرز ایسوسی ایشن کے سابق چیئرمین گلزار فیروز،ایف پی سی سی آئی کے سابق نائب صدور زبیرطفیل، زکریا عثمان، جوڑیابازار ٹریڈرز ایسوسی ایشن کے صدر جعفر کوڑیا و دیگر نے بجلی کے فی یونٹ چارجز میں 5 روپے 82پیسے اضافے پر اپنے ردعمل میں کیا۔

ایف پی سی سی آئی کے صدر زبیر احمد ملک نے کہا کہ انتخابی عمل مکمل ہوچکا ہے اورنئی حکومت پایہ تکمیل تک پہنچنے والی ہے ایسی صورتحال میں نگراں حکومت کو بجلی کے نرخوں میں اضافے کاکوئی اختیارنہیں۔انھوںنے بجلی کی فی یونٹ قیمت میں 5 روپے سے زائد کے اضافے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ توانائی بحران کے باعث ملکی معیشت تباہی کے دہانے پر پہنچ چکی ہے جبکہ دوسری جانب برآمدی ارٓڈرز کی تکمیل بروقت نہ ہونے کے باعث بیرونی خریداروں نے اپنے ارٓڈرز بھارت،بنگلہ دیش اوردیگرممالک کومنتقل کرنا شروع کردیے ہیں۔ ایسی صورتحال میں بجلی کی قیمتوں میں اضافہ تشویش کاباعث ہے ۔

ایس ایم منیر نے کہا کہ پنجاب سمیت ملک بھر میں بجلی اور گیس کے بحران سے تاجروصنعتکاربرادری میں بے چینی پھیل رہی ہے۔ چیئرمین کورنگی ایسوسی ایشن زبیر چھایا نے کہا کہ کراچی میں بجلی اور گیس کمپنیوں کے مابین جاری واجبات کی عدم ادائیگی کے تنازعات نے صنعتی سرگرمیوں کو پہلے ہی سبوتاژکررکھا ہے، ایسی صورتحال میں بجلی کی قیمتوں میں اضافہ مزید مشکلات پیدا کردیگا۔سابق نائب صدر ایف پی سی سی آئی زبیرطفیل نے کہا کہ توانائی بحران کو ہنگامی بنیادوں پر دور اور اضافی بجلی یونٹ کے چارجز کو واپس نہیں لیا گیا تو سنگین بحران پیدا ہوجائے گا۔ زکریا عثمان نے کہاکہ اسوقت پنجاب سمیت کراچی میں صنعتوں، فیکٹریوں اور کارخانوں میں توانائی کے بڑہتے ہوئے بحران کے باعث 3 شفٹوں میں جاری کام محدودہوگیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں