سعودی عرب نے حوثی باغیوں کا ایک اور میزائل حملہ ناکام بنا دیا

ویب ڈیسک  اتوار 12 اگست 2018
سعودی عرب نے حوثی میزائل کو فضا میں ہی ناکارہ بنا دیا۔ فوٹو : فائل

سعودی عرب نے حوثی میزائل کو فضا میں ہی ناکارہ بنا دیا۔ فوٹو : فائل

ریاض: سعودی عرب نے یمن کے حوثی باغیوں کی طرف سے داغے گئے ایک اور بیلسٹک میزائل کو مار گرایا ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق یمن سے حوثی باغیوں کی جانب سے سعودی سرحدی شہر جازان پر ایک بیلسٹک میزائل داغا گیا جسے سعودی فضائیہ نے فضا میں ہی تباہ کر کے شہریوں کو بڑے نقصان سے بچا لیا۔ میزائل کے ٹکڑے مقامی آبادی پر گرے تاہم کسی قسم کا جانی و مالی نقصان نہیں ہوا۔

عرب اتحادی فوج کے ترجمان کرنل ترکی المالکی کا کہنا ہے کہ یمن کے حوثی باغیوں نے اقوام متحدہ کی قراردادوں کی مسلسل خلاف ورزی کرتے ہوئے ایک بار پھر سعودی شہر جازان کو نشانہ بنانے کی کوشش کی جسے ناکام بنادیا گیا ہے۔

کرنل ترکی المالکی کا مزید کہنا تھا کہ عالمی اداروں کو حوثی باغیوں کی جانب سے عالمی قوانین کی خلاف ورزی اور شہری آبادی کو نشانہ بنائے جانے کا نوٹس لینا چاہیئے۔ گزشتہ کئی ماہ سے حوثی باغیوں کی جانب سے مسلسل حملوں کا سلسلہ جاری ہے۔

واضح رہے کہ یمن میں جاری کشیدگی کے دوران باغیوں کی جانب سے سعودی عرب پر میزائل حملوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے تاہم سعودی ایئر ڈیفنس نے متعدد بیلسٹک میزائل حملوں کو بروقت کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنایا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔