گھر کے بھارتی ہیرولارڈزمیں زیرو بن گئے

اسپورٹس ڈیسک  اتوار 12 اگست 2018
بھارت کی بیٹنگ لائن دوسری اننگز میں 130 رنز پر ڈھیر ہوگئی ۔ (فوٹو : رائیٹرز)

بھارت کی بیٹنگ لائن دوسری اننگز میں 130 رنز پر ڈھیر ہوگئی ۔ (فوٹو : رائیٹرز)

لندن: 

دوسرے ٹیسٹ میں بھارت کوانگلینڈ کے ہاتھوں ایک اننگز اور159 رنزسے شکست کی رسوائی گلے پڑگئی۔

ایجبسٹن میں انگلینڈ کے ہاتھوں پہلے ٹیسٹ میں 31 رنز کے معمولی فرق سے شکست کھانے والی بھارتی ٹیم کا لارڈز میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میں بہت برا حشر ہوا، پہلا روز بارش کی نذر ہونے کی وجہ سے یہ توقع ظاہر کی جارہی تھی کہ شاید یہ میچ نتیجہ خیز ثابت نہ ہو مگر پہلی اننگز میں بھارتی ٹیم کے صرف 107 رنز پر آئوٹ ہونے کے بعد ہی اس بات کا امکان ختم ہوگیا اور جواب میں بولرز کی جانب سے انگلش بیٹنگ لائن کی جانب سے اگلے جانے والے رنز کے سیلاب کے آگے بند نہ باندھے جانے سے بھارتی ٹیم کی شکست یقینی دکھائی دینے لگی اور آخر چوتھے روز ہی ایک اننگزاور 159 رنز سے اس کو شکست ہوگئی۔

اپنے ملک میں رنز کے انبار لگانے والی نامی گرامی بیٹنگ لائن ایک بار پھر دیار غیر میں بری طرح ناکام ثابت ہوئی، تیسرے ہی اوور سے وکٹیں گرنے کا سلسلہ شروع ہوا تو وقفے وقفے سے جاری رہا اور آخر کار پوری ٹیم 47 اوورز میں پویلین واپس لوٹ گئی، جیمز اینڈرسن نے ہی دونوں اوپنرز کو میدان بدر کیا، ان کی گیند مرلی وجے کے بیٹ کو چھوتی ہوئی وکٹ کیپر بیئر اسٹو کے گلوز میں گئی، مرلی کو اس بار بھی کھاتہ کھولنے کا موقع نہیں ملا، لوکیش راہول کو اینڈرسن نے 10 کے انفرادی اسکور پر ایل بی ڈبلیو کیا۔

اجنکیا راہنے نے اس صورتحال میں بڑی اننگز کھیلنے کا ابھی ذہن بنایا شروع ہی کیا تھا کہ اسٹورٹ براڈ نے ان کو بھی واپسی کا پروانہ تھما دیا،  وہ 13 رنز بناکر تھرڈ سلپ میں موجود کیٹن جیننگز کے ہاتھوں کیچ ہوگئے، براڈ نے ہی 17 رنز بنانے والے چتیشور پجارا کو بھی بولڈ کیا، کمر میں تکلیف کے باعث صبح کو فیلڈ نہ سنبھالنے والے ویرات کوہلی سے توقع کی جارہی تھی کہ وہ ایجبسٹن کی طرح بڑی اننگز کھیلیں گے مگر وہ بھی 17 رنز کے مہمان ثابت ہوئے، اسٹورٹ براڈ کی گیند پر وہ شارٹ لیگ پر موجود اولی پاپ کے ہاتھوں کیچ ہوئے مگر کوہلی کو علیم ڈار کی جانب سے انگلی اٹھانا پسند نہیں آیا اور انھوں نے ریویو لے لیا۔

ری پلیز میں واضح ہوا کہ گیند کوہلی کے ہپ سے ٹکرانے سے قبل ان کے گلوز کو چھوتی ہوئی گئی تھی۔ جس پر فیلڈ امپائر کا فیصلہ برقرار رکھا گیا، اگلی گیند پر براڈ نے دنیش کارتھک کو ایل بی ڈبلیو کیا، انھیں ریویو لینے کا بھی کوئی فائدہ نہیں ہوا، آخر میں ہردیک پانڈیا اور ایشون نے مزاحمت کی کوشش کرتے ہوئے ساتویں وکٹ کی شراکت میں 55 رنز جوڑ کر مجموعے کو 116 تک پہنچایا، پانڈیا کو 26 کے انفرادی اسکور پر ووئکس نے ایل بی ڈبلیو کیا۔ کلدیپ یادیو اور محمد شامی کو کھاتہ کھولے بغیر جیمز اینڈرسن نے آئوٹ کیا۔

ایشانت شرما (2) کو ووئکس نے پوپ کی مدد سے قابو کرکے بھارتی اننگز کا 130 پر اختتام کردیا، ایشون 33 رنز پر ناٹ آئوٹ رہے۔ جیمز اینڈرسن اور اسٹورٹ براڈ نے 4، 4 اور ووئکس نے 2 وکٹیں لیں۔ اس سے قبل 6 وکٹ 357 رنز سے دن کا آغاز کرنے والی انگلش ٹیم نے 7 وکٹ پر مجموعہ 396 رنز تک پہنچنے پر پہلی اننگز ڈیکلیئرڈ کردی، بین اسٹوکس کی جگہ پانے والے کرس ووئکس 137 رنز پر ناقابل شکست رہے، انھیں آل رائونڈ پرفارمنس پر مین آف دی میچ بھی قرار دیا گیا، سام کیورن نے 40 رنز بنائے، محمد شامی اور پانڈیا نے 3، 3 وکٹیں لیں۔

ویرات کوہلی کی کمر میں تکلیف

بھارتی کپتان ویرات کوہلی کی کمر میں تکلیف پھر سے شروع ہوگئی، لارڈز ٹیسٹ کی چوتھی صبح وہ فیلڈنگ کیلیے میدان میں نہیں اترے تاہم بھارت کی دوسری اننگز شروع ہونے سے قبل ہی ٹیم مینجمنٹ نے واضح کردیا تھا کہ لنچ کے بعد وہ پھر سے بیٹنگ کے قابل ہوں گے۔ اگرچہ فی الحال یہ انجری اتنی سیریس دکھائی نہیں دیتی تاہم ابھی تین ٹیسٹ میچز باقی اور مسلسل کھیلنے کی صورت میں یہ تکلیف شدت بھی اختیارکرسکتی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔