چین کی پاکستان کو درپیش مالی بحران میں مدد کی یقین دہانی

ویب ڈیسک  پير 13 اگست 2018
چینی حکام نے مالیاتی بحران کے حل کے لیے مدد کا واضح اشارہ دیا ہے۔ فوٹو: رائٹرز

چینی حکام نے مالیاتی بحران کے حل کے لیے مدد کا واضح اشارہ دیا ہے۔ فوٹو: رائٹرز

 اسلام آباد: چین نے پاکستان کو درپیش مالی بحران اور بین الاقوامی ادائیگیوں کی مد میں اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرادی۔

برطانوی اخبار فنانشل ٹائمز کی  رپورٹ کے مطابق نئی حکمراں جماعت پاکستان تحریکِ انصاف کی اعلیٰ قیادت کو چین نے مزید قرض دینے کی یقین دہانی کرائی ہے کیونکہ پاکستان کے مالیاتی ذخائر کم ہوتے ہوتے 9 ارب ڈالر کی سطح تک آپہنچے ہیں اس تناظر میں بیجنگ نے پاکستان کو اس بحران سے نکالنے کے لیے ایک ارب ڈالر قرض دینے کی پیشکش بھی کی ہے۔

ملکی کابینہ کے ایک متوقع وزیر نے اس ضمن میں بتایا کہ ’ چین نے بین الاقوامی ادائیگیوں کے ضمن میں پاکستان کی مالی امداد کا وعدہ کیا ہے‘،  تحریک انصاف کے ایک اور سینئر رہنما نے بتایا کہ چینی حکام کی جانب سے واضح اشارے ملے ہیں کہ وہ بحران ٹالنے کے لیے پاکستان کی مدد کریں گے لیکن انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ پاکستان اس بڑے خسارے کو کم کرنے کے اقدامات ضرور کرے۔

یہ پڑھیں: پاکستان اسلامی ترقیاتی بینک سے 4 ارب ڈالر قرض لینا چاہتا ہے، فنانشل ٹائمز

حکام کے مطابق عمران خان بین الاقوامی قرض کی ادائیگیوں میں انٹرنیشنل مانیٹرنگ فنڈ (آئی ایم ایف) سے مدد لینا نہیں چاہتے اور اسی تناظر میں چین نے دستِ تعاون بڑھانے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

واضح رہے کہ فنانشل ٹائمز کی یہ رپورٹ ایسے وقت میں سامنے آئی ہے کہ جب پی ٹی آئی انتخابات میں کامیابی کے بعد حکومت سازی کررہی ہے اور اس ضمن میں فوری طور پر سب سے بڑا چیلنج بین الاقوامی واجب الادا رقوم کی ادائیگی کا ہے۔ اس وقت پاکستان کے زرِ مبادلہ کے ذخائر اتنے کم رہ گئے ہیں کہ ان سے ڈیڑھ ماہ کی درآمدات کی ادائیگی ہی کی جاسکتی ہے اور ملکی کرنسی ڈالر کے مقابلے میں اپنی قدر کھورہی ہے۔

دوسری جانب آئی ایم ایف سے مدد لینے کے تناظر میں امریکا نے خود آئی ایم ایف کو خبردار کیا تھا کہ پاکستان کہیں اس رقم کو چین کو ادائیگیوں میں استعمال نہ کرلے۔ گویا یہ ایک اشارہ تھا کہ امریکا اس مشکل وقت میں آئی ایم ایف کی جانب سے پاکستان کی مدد کا خواہاں نہیں ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔