نئے پاکستان میں سب کو جدوجہد کرنا ہوگی؛ سرفراز احمد

اسپورٹس رپورٹر  بدھ 15 اگست 2018
 سخت محنت کوشعار بناکرملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جاسکتا ہے، کپتان
فوٹو: فائل

 سخت محنت کوشعار بناکرملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جاسکتا ہے، کپتان فوٹو: فائل

 کراچی:  پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ تبدیلی آرہی ہے نیا پاکستان بننے جارہا ہے۔

سرفرازاحمد نے کہا نئے پاکستان کی تکمیل کے لیے سب کو مل کر جدوجہد کرنی ہوگی، عزم اور لگن کے ساتھ سخت محنت کو اپنا شعار بناکر پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جاسکتا ہے۔

انھوں نے اس امر کا اظہار جناح یونیورسٹی برائے خواتین میں جشن آزادی کے سلسلے میں رنگارنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، قومی کپتان نے کہا کہ طلبا اور طالبات کو اچھی تعلیم کے حصول پر بھرپور توجہ دینی چاہیے۔ ہر فرد کو اپنے شعبے میں احساس ذمے داری کے ساتھ قومی ترقی کے لیے جدوجہد کرنا ہوگی۔

کپتان نے کہا کہ یہ امر خوش کن ہے کہ جامعات سے فارغ التحصیل ہونے والے طلبا و طالبات مختلف شعبہ ہائے زندگی سے منسلک ہوکر پاکستان کے استحکام کے لیے کوشاں ہیں۔

انھوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی بھی میدان میں جذبہ حب الوطنی سے سر شار ہوکر اپنے ملک و قوم کا نام روشن کرنے کی کوشش کرتے ہیں، تقریب میں ویمن کرکٹرز عالیہ ریاض، ارم جاوید اور عائشہ ظفر بھی موجود تھیں، آخر میں سرفراز احمد نے تقریب کی مناسبت سے پاکستان کی آزادی کی 71 ویں سالگرہ کے موقع پر خصوصی کیک بھی کاٹا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔