سندھ اسمبلی آج 17ویں اسپیکر چھٹی خاتون ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب ہوگا

آغا سراج درانی کے دوسری مرتبہ اسپیکر بننے کا قوی امکان، چچا اور والد بھی اسپیکر رہ چکے


وکیل راؤ August 15, 2018
سندھ اسمبلی مسلسل چوتھی مرتبہ خاتون ڈپٹی اسپیکر منتخب کرنے کا ریکارڈ بنائے گی فوٹو: فائل

15ویں نومنتخب سندھ اسمبلی آج (بدھ کو) ایوان کے17ویں اسپیکر اور 18ویں ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب کرے گی شکارپور کے درانی خاندان کو 7 ویں مرتبہ سندھ اسمبلی میں سب سے بڑا اور اہم پارلیمانی عہدے پر فائز ہونے کا اعزاز حاصل ہو جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق نومنتخب سندھ اسمبلی کا اجلاس آج پریزائیڈنگ افسر میر نادر مگسی کی صدارت میں سندھ اسمبلی بلڈنگ میں ہو گا، اجلاس میں نو منتخب اراکین اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب کریں گے، قیام پاکستان سے قبل 1938 میں وجود میں آنے والی قانون ساز سندھ اسمبلی کے پہلے اسپیکر دیوان بھوج سنگھ تھے۔

اس تاریخی سندھ اسمبلی میں آغا سراج درانی 2013 سے 2018 تک اسپیکر رہے اور اب وہ دوسری مرتبہ اسپیکر کے عہدے پر منتخب ہونے جا رہے ہیں، عددی اعتبار سے پیپلزپارٹی کے پاس واضح اکثریت ہے جس کی وجہ سے ان کی کامیابی یقینی ہے، اس سے قائم مقام گورنر آغا سراج درانی کے چچا آغا بدرالدین قیام پاکستان کے 2 سال بعد 1949 میں اسپیکر سندھ اسمبلی کے عہدے پر فائز رہ چکے ہیں جبکہ ان کے والد آغا صدر الدین1977 میں اسپیکر سندھ اسمبلی رہے، قیام پاکستان کے بعد سے سندھ اسمبلی میں مجموعی طور پر 11 اسپیکرز کا انتخاب ہو چکا ہے اور آج 17ویں اسپیکر کا انتخاب ہوگا، قیام پاکستان سے قبل سندھ قانون ساز اسمبلی میں5 اسپیکرز اور 3 ڈپٹی اسپیکر رہ چکے ہیں۔

آغا سراج درانی کے والد آغا صدر الدین اور چچا آغا بدرالدین ایک ایک مرتبہ ڈپٹی اسپیکر بھی رہ چکے ہیں، دوسری طرف سندھ اسمبلی ایک اور ریکارڈ بھی بنا رہی ہے، وہ یہ کہ پاکستان کے کسی بھی پارلیمانی ایوان میں یہ پہلا موقع ہوگا کہ مسلسل چوتھی مرتبہ خاتون ڈپٹی اسپیکر کے عہدے پر منتخب ہو۔

دستیاب ریکارڈ کے مطابق آج سندھ اسمبلی 19 ویں ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب کرے گی، سندھ اسمبلی میں اب تک 5 مرتبہ خواتین ڈپٹی اسپیکرز منتخب ہوچکی ہیں، 1939 اور 1946میں 2 مرتبہ مس جیٹھی بائی سپہمالنانی ڈپٹی اسپیکر رہ چکی ہیں جبکہ 2002 سے 2007 تک مسلم لیگ (ق) کی راحیلہ ٹوانہ اور 2 مرتبہ پیپلزپارٹی کی شہلا رضا 2008 سے2018تک ڈپٹی اسپیکر کے عہدے پر فائز رہ چکی ہیں، اب چھٹی مرتبہ خاتون ڈپٹی اسپیکر ریحانہ لغاری کا انتخاب ہو رہا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے