بھارت کا خلاء میں انسانی مشن بھیجنے کا اعلان

ویب ڈیسک  بدھ 15 اگست 2018
خلاء میں انسانی مشن بھیجنے کا اعلان وزیر اعظم نریندرا مودی نے کیا۔

خلاء میں انسانی مشن بھیجنے کا اعلان وزیر اعظم نریندرا مودی نے کیا۔

نئی دہلی: بھارت 2022 میں خلاء میں اپنا پہلا انسانی مشن ’ گگن یان‘ بھیجے گا۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی نے دعویٰ کیا ہے کہ 2022 کو بھارت اپنا پہلا انسانی مشن خلاء میں بھیجنے کے بعد دنیا کا چوتھا ملک بن جائے گا۔ اس سے قبل امریکا، روس اور چین خلا میں انسانی مشن بھیج چکے ہیں۔

بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی نے لال قلعہ میں یوم آزادی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انسانی خلائی مشن ’ گگن یان‘ پر کئی برسوں سے کام جاری تھا جسے آئندہ 4 برسوں میں 2022 تک مکمل کر لیا جائے گا اور 75ویں یوم آزادی کے موقع پر خلاء میں بھیجا جائے گا۔

وزیراعظم نریندرا مودی نے کہا کہ اس خلائی مشن کے ہمراہ بھارتی مرد یا خاتون رکن بھی بھارتی پرچم تھامے جائیں گے جب کہ سائنس و ٹیکنالوجی اور تحقیق بھارت کی پہلی ترجیح ہے۔

واضح رہے کہ بھارت خلائی تحقیق پر 1.6 بلین ڈالر خرچ کرتا ہے اور بھارت مریخ پر پہنچنے والا پہلا ایشیائی ملک ہے۔ بھارت نے مریخ پر اپنا خلائی مشن 2014 میں بھیجا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔