چلی میں بزرگوں کے مرکزمیں آگ لگنے سے 10 خواتین ہلاک

ویب ڈیسک  بدھ 15 اگست 2018
چلی کے صدر نے افسوسناک واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔ فوٹو : فائل

چلی کے صدر نے افسوسناک واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔ فوٹو : فائل

سینٹیاگو: چلی کے ’اولڈ ہوم‘ میں آگ لگنے کی وجہ سے 10 ضعیف العمر خواتین ہلاک ہوگئی ہیں۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق چلی میں معمر افراد کی دیکھ بھال کے لیے قائم سانتا مرٹا کے ریسٹ ہوم میں اچانک آگ بھڑک اُٹھی اور دیکھتے ہی دیکھتے پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا جس کے نتیجے میں 10 عمر رسیدہ خواتین ہلاک ہوگئیں۔

آتشزدگی کے باعث عمارت کو بھی نقصان پہنچا تاہم اولڈ ہوم میں آگ لگنے کی وجہ کا تعین نہیں ہو سکا۔ ریسکیو ادارے کا کہنا ہے کہ ممکنہ طور پر شارٹ سرکٹ کی وجہ سے عمارت میں آگ لگی تھی۔ چلی کے صدر نے حادثے کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔

واضح رہے سانتا مرٹا کے اولڈ ہوم میں پیچیدہ امراض میں مبتلا خواتین و حضرات کو رہائش اور طبی امداد فراہم کی جاتی ہے۔ یہاں فالج، نفسیاتی امراض اور غذائی کمی کے شکار معمر افراد کو رکھا جاتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔