اسرائیل نے غزہ پٹی کی بند کی گئی مرکزی شاہراہ کھول دی

ویب ڈیسک  بدھ 15 اگست 2018
اسرائیلی حکومت نے مرکزی شاہراہ کو 9 جولائی کو بند کیا تھا۔ فوٹو : فائل

اسرائیلی حکومت نے مرکزی شاہراہ کو 9 جولائی کو بند کیا تھا۔ فوٹو : فائل

اسرائیل نے تجارتی مقاصد کے لیے استعمال ہونے والے مرکزی گزرگاہ ’ کرم ابو سالم‘ کو دوبارہ کھول دیا ہے۔ 

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیل نے غزہ تک سامان رسد پہنچانے کی واحد گزر گاہ ’’کرم ابو سالم کراسنگ‘‘ کو آج کھول دیا ہے۔ اس گزر گاہ کو قابض اسرائیلی فوج نے سرحدی کشیدگی کا بہانہ بنا کر 9 جولائی کو بند کر دیا تھا۔

اسرائیل کی جانب سے مذکورہ گزرگاہ کو کھولنے کے بعد درجنوں ٹرک مختلف سامان اور ایندھن لے کرغزہ پٹی میں داخل ہوتے دیکھے گئے ہیں۔ اجناس، تعمیراتی سامان اور ادویات کی ترسیل اسی شاہراہ کے ذریعے ہوتی ہے۔

اسرائیل کی جانب سے شاہراہ کو بند کردیئے جانے پر غزہ میں 20 لاکھ فلسطینیوں کی مشکلات میں اضافہ ہو گیا تھا۔ فلسطینی جماعت حماس سے سیز فائر اور عالمی دباؤ کی وجہ سے اسرائیل مرکزی شاہراہ کھولنے پر مجبور ہوا ہے۔

واضح رہے کہ امریکا کی جانب سے یروشلم کو دارالحکومت تسلیم کرنے کے بعد سے فلسطینیوں کے 5 ماہ سے جاری  ’اپنی گھروں کو واپسی‘ مارچ پر اسرائیلی اہلکاروں کی فائرنگ سے اب تک 2 سو سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں اور حالات تاحال کشیدہ ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔