امریکی شخص نے گھریلو جھگڑے کے بعد اپنے گھر سے طیارہ ٹکرادیا

ویب ڈیسک  بدھ 15 اگست 2018
پولیس نے بیوی سے جھگڑے کے بعد ڈوین یوڈ کو حراست میں لیا اورپھر ضمانت پر رہا کردیا تھا۔ فوٹو: بشکریہ سی این این

پولیس نے بیوی سے جھگڑے کے بعد ڈوین یوڈ کو حراست میں لیا اورپھر ضمانت پر رہا کردیا تھا۔ فوٹو: بشکریہ سی این این

یوٹاہ: امریکی شہر سالٹ لیک سٹی سے تعلق رکھنے والے ایک شخص نے گھریلو تنازعے کے بعد اپنا چھوٹا طیارہ گھر سے اس وقت ٹکرادیا جب اس کی بیوی اور چھوٹا بیٹا گھر میں ہی موجود تھے۔

سالٹ لیک سے 35 میل کے فاصلے پر رہائش پذیر ڈوین یوڈ نے شراب کے نشے میں اپنی بیوی کو زدوکوب کیا تھا جس پر پڑوسیوں نے پولیس میں شکایت درج کروائی اور پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے اسے رات کو ہی گرفتار کرلیا تھا۔

پولیس نے ڈوین یوڈ کو اگلے دن ہی چھوڑ دیا جس پر اس شخص نے گھر جانے کے بجائے ایک کنسٹرکشن کمپنی کا رخ کیا جہاں اس نے ہینگر میں کھڑے سیسنا 525 جیٹ طیارے کو اڑایا اور اسے عین اپنے گھر پر خودکش انداز میں گرادیا جس میں ڈوین موقع پر ہی ہلاک ہوگیا۔

حادثے میں ڈوین تو ہلاک ہوگیا لیکن اس کی بیوی اور بچہ محفوظ رہے، عینی شاہدین نے دیکھا کہ سیسنا طیارہ آہستہ آہستہ نیچے اور نیچے ہوتا جارہا تھا یہاں تک کہ وہ پائلٹ کےاپنے ہی گھر سےٹکراگیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔