شادی کے بعد بالی ووڈ کو خیر باد کہنے والی نامور اداکارائیں

محمود خان  بدھ 15 اگست 2018
بالی ووڈ کی مشہور اداکاراؤں نے بے پناہ شہرت پانے کے باوجود اپنے کریئر سے زیادہ شادی شدہ زندگی کو ترجیح دی ۔ (فوٹو : فائل)

بالی ووڈ کی مشہور اداکاراؤں نے بے پناہ شہرت پانے کے باوجود اپنے کریئر سے زیادہ شادی شدہ زندگی کو ترجیح دی ۔ (فوٹو : فائل)

ممبئی: بھارتی فلم انڈسٹری کی بہت سی نامور اداکارائیں ایسی بھی ہیں جنہوں نے اپنا گھر بسانے کے بعد شادی شدہ زندگی کو ترجیح دی اور فلمی کیرئیر کو خیر باد کہہ دیا۔

بھارت میں بسنے والے ہر چھوٹے بڑے شخص کی خواہش ہوتی ہے کہ اسے بالی ووڈ  کی گلیمرس سے بھرپور زندگی میں قدم رکھنے کا موقع ملے لیکن ہر کسی کے خواب پورے نہیں ہوا کرتے تاہم بالی ووڈ کی کئی نامور اداکارئیں ایسی بھی ہیں جنہوں نے عزت، دولت اور بے پناہ شہرت پانے کے باوجود بالی ووڈ انڈسٹری کو خیر باد کہہ کر اپنے کریئر پر شادی شدہ زندگی کو زیادہ ترجیح دی۔

ٹوئنکل کھنہ

راجیش کھنہ، ڈمپل کپاڈیہ کی بیٹی اور اکشے کمار کی خوبرو اہلیہ ٹونکل کھنہ نے بالی ووڈ انڈسٹری میں 1995 میں بننے والی فلم برسات کے ذریعے قدم رکھا، جان، میلہ، بادشاہ اور دل تیرا دیوانہ ان کی مشہور فلمیں ہیں جب کہ وہ کئی ایوارڈ بھی اپنے نام کرچکی ہیں تاہم انہوں نے شادی کے بعد بطور اداکارہ بالی ووڈ کو گُڈ بائے کہہ دیا اور اب وہ فلم پروڈیوسر، کالم نگار اور ڈیزائنر کے طور پر کام کر رہی ہیں۔

بھاگیشری

اپنے دور کی بالی ووڈ کی حسینہ بھاگیشری نے 1989 میں سلمان خان کے ساتھ بلاک بسٹر فلم ’’میں نے پیار کیا‘‘ سے کیریئر کا آغاز کیا اس فلم سے انہوں نے خوب کامیابی سمیٹی اور کئی فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے جس کے بعد انہوں نے 19 سال کی عمر میں اداکار ہمالیہ سے شادی کی اور فلموں سے کنارہ کشی اختیار کرلی تاکہ اپنے اہل خانہ کو بھرپور وقت دے سکیں۔

آسین ٹھو ٹمکل

آسین ٹھو ٹمکل نے ساؤتھ انڈین فلم انڈسٹری سے اپنے کریئر کی شروعات کی جس کے بعد انہوں نے بالی ووڈ میں انٹری دی اور گجنی، ریڈی، ویلکم 2 اور بول بچن جیسی کامیاب فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے اور 3 فلم فیئر ایوارڈز بھی اپنے نام کیے۔ آسین نے 2016ء میں بھارت میں ایک مقامی کمپنی کے سی ای او راہول شرما سے شادی کی اور فلموں سے کنارہ کشی اختیار کرلی۔

جینیلیا ڈسوزا 

خوبصورت اداکارہ جینیلیا ڈسوزا نے ساؤتھ انڈین سینما سے اپنے کریئر کا آغاز کیا اور بہترین اداکارہ کے طور پر اپنے آپ کو منوایا جس کے بعد انہوں نے بالی ووڈ میں قدم رکھا اور کئی کامیاب فلمیں دیں۔ جنیلیا نے 2012 میں بالی ووڈ اسٹار رتیش دیشمک سے شادی کی اور انڈسٹری کو خیر باد کہہ دیا اب وہ خوشی سے اپنے دو بیٹوں کی دیکھ بھال کر رہی ہیں۔

مینا کشی سیشادری

فلم ’’دامینی‘‘ سے شہرت کی بلندیوں کو چھونے والی اپنے دور کی صف اول اداکارہ مینا کشی سیشادری نے بالی ووڈ انڈسٹری کو گھاتک، ہیرو، شہنشاہ اور گھایل جیسی کامیاب فلمیں دیں لیکن انہوں نے اپنے کریئر کو مزید جاری نہیں رکھا اور انویسمنٹ بینکر ہاریش کے ساتھ 1995 میں شادی کے بندھن میں بندھ گئیں وہ اب امریکا میں اپنے شوہر اور 2 بچوں کے ساتھ رہ رہی ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔