امریکی شو میں عمران خان کو ٹرمپ سے تشبیہ دینے پر تنازع

ویب ڈیسک  جمعرات 16 اگست 2018
ٹریور نوح کے پروگرام پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے ملے جلے ردعمل کا اظہار فوٹو:سوشل میڈیا

ٹریور نوح کے پروگرام پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے ملے جلے ردعمل کا اظہار فوٹو:سوشل میڈیا

امریکی ٹی وی کے مزاحیہ پروگرام میں میزبان کی جانب سے پی ٹی آئی چیرمین عمران خان کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے تشبیہ دینے پر تنازع شروع ہوگیا۔

’دا ڈیلی شو‘ کے نام سے میزبان ٹریور نوح نے تقریبا 5 منٹ کا پروگرام کیا جس میں انہوں نے یہ دکھانے کی کوشش کی کہ عمران خان اور ڈونلڈ ٹرمپ میں کافی مماثلت پائی جاتی ہے۔ ٹریور نے دونوں سیاست دانوں سے متعلق بعض پرانے پروگرامز کے مناظر دکھائے جن میں دونوں کو دولت مند، خوش شکل اور خواتین میں مقبول بتایا گیا تھا۔

ٹریور نے عمران خان کا بیڈروم دکھا کر مزاحاً یہ بھی کہا کہ کیا یہ پاکستانی ٹرمپ ٹاور نہیں ہے؟۔ پھر عمران خان اور ٹرمپ کی ایک ساتھ تصاویر بھی دکھائی گئیں جنہیں ’جڑواں‘ کا عنوان دیا گیا۔ پھر مزید کلپز دکھائے گئے جن میں عمران خان کو حکومت چلانے میں ناتجربہ کار، قوم پرست، عوامیت پسند، تضاد بیان قرار دیا گیا۔ میزبان نے کہا کہ ٹرمپ اور عمران خان دونوں پر ہی جنسی ہراسانی سے متعلق الزام لگے اور دونوں نے ہی تین تین شادیاں کیں۔

ٹریور نوح کے اس پروگرام پر پاکستان میں سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا جارہا ہے۔ پی ٹی آئی کے مخالفین نے ہمیشہ کی طرح اس موقع کو بھی ہاتھ سے جانے نہ دیا اور عمران خان پر تنقید اور طنز کے تیر چلانے کیلئے استعمال کیا۔

دوسری جانب پی ٹی آئی کے حامیوں کا دو طرح کا ردعمل سامنے آیا۔ بعض نے ٹریور کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اپنے کپتان کا دفاع کیا ۔

تاہم بعض حامیوں نے کہا کہ ٹریور ایک مزاح نگار ہے جس کا پیشہ ہی دوسروں کا مذاق اُڑانا ہے، لہذا اس پروگرام کو سنجیدگی سے نہ لیا جائے اور دیکھنے کے بعد ہنس کر نظرانداز کردیا جائے۔

https://twitter.com/AbailRayy/status/1029798265720635392

 

پاکستان میں سوشل میڈیا پر ٹریور نوح کا ٹرینڈ بھی بن گیا ہے جس پر لوگ اپنی رائے کا اظہار کر رہے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔