سیمنٹ پر عائد فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی ختم کرنے کا مطالبہ

ایف ای ڈی کے خاتمے سے سیمنٹ کی قیمتوں میں کمی، برآمد میں اضافہ ہوگا، رحمت خان


Numainda Express May 21, 2013
بجٹ میں سیمنٹ سیکٹر کی بھی تجاویز شامل کی جائیں، عہدیدار اے پی سی ایم اے۔ فوٹو: فائل

ملک کے سیمنٹ مینوفیکچررز نے بجٹ سازی میں سیمنٹ مینوفیکچررز کو اعتماد میں لینے اور سیمنٹ پر عائد فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی ختم کرنے کا مطالبہ کردیا ہے۔

آل پاکستان سیمنٹ مینوفیکررز ایسوسی ایشن (اے پی سی ایم اے) کے عہدیدار اور لافریج پاکستان کے چیئرمین میجر ریٹائرڈ رحمت خان نے ''ایکسپریس'' سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پورے ملک کی طرح سیمنٹ انڈسٹری کے لیے بھی سب سے بڑا مسئلہ بجلی کی لوڈشیڈنگ ہے جس کی وجہ سے سیمنٹ کے کارخانے 100 فیصد پیدوار نہیں دے رہے، لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے جہاں انڈسٹری متاثر ہوئی وہیں سیمنٹ کی پیداواری لاگت بھی بڑھی۔ انھوں نے کہا کہ بطور تاجر و صنعتکار برادری انہیں (ن) لیگ کی متوقع حکومت سے بہت سی امیدیں وابستہ ہیں، امید ہے کہ نئی حکومت توانائی کے بحران پر قابو پانے میں کامیاب ہوجائیگی کیونکہ گزشتہ 5 سال کے دوران اس حوالے سے کوئی سنجیدہ کوشش نہیں ہوئی۔



ایک سوال پرانہوں نے بتایا کہ اصولی طور پر بھارت کو پسندیدہ ملک قرار دے دینا چاہیے لیکن یہ معاملہ برابری کی سطح پر ہونا چاہیے، بھارت کو پسندیدہ ملک قرار دینے میں پاکستان نہیں بلکہ بھارت خود سے بڑی رکاوٹ ہے، بھارت کے ساتھ برابری کی سطح پر تجارت سے دونوں ممالک کو فائدہ ہوگا۔ ایک سوال پرانہوں نے کہا کہ سابق وزیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے 3 سال کے دوران سیمنٹ پر عائد فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی ختم کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی، اب اگر نئی حکومت اس پر قائم رہتی ہے تو اس سے نہ صرف سیمنٹ کی قیمتوں میں کمی ہوگی بلکہ سیمنٹ کی برآمد میں بھی اضافہ ہوگا جس سے بھاری زرمبادلہ حاصل ہوگا۔

ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ گزشتہ 10 سال سے حکومت بجٹ سازی کے موقع پر سیمنٹ مینوفیکچرز کو اعتماد میں لیتی آئی ہے اور ہمیشہ نہ صرف سیمنٹ مینوفیکچررز کو بجٹ کے موقع پر بلایا جاتا ہے بلکہ تحریری طور پر بجٹ تجاویز بھی لی جاتی رہی ہیں مگر اس مرتبہ بجٹ سازی آخری مرحلے میں ہے لیکن ابھی تک حکومت نے نہ تو رابطہ کیا ہے اور نہ ہی بجٹ سازی کے لیے کوئی تجاویز مانگی ہیں۔ انہوں نے حکامت سے مطالبہ کیا کہ بجٹ سازی میں ان کی آرا بھی شامل کی جائیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں